Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی قیادت کی سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم خالدہ ضیا کے انتقال پر تعزیت

پارلیمنٹ ہاوس کے باہر نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔(فوٹو: اے ایف پی )
سعودی قیادت نے بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے انتقال پر بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین کو تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں بنگلہ دیشی صدر، اور خالدہ ضیا کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
یاد رہے سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا طویل علالت کے بعد 80 برس کی عمر میں منگل کی صبح انتقال کرگئی تھیں۔ پارلیمنٹ ہاوس کے باہر ان کی نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے شوہرکی قبر کے ساتھ  سپرد خاک کیا گیا۔ 
عرب نیوز کے مطابق خالدہ ضیا نے عملی سیاست میں اس وقت قدم رکھا جب ان کے شوہر ضیاءالرحمن، جو 1971 کی جنگِ آزادی کے ہیرو تھے، 1977 میں صدر بنے اور وہ بنگلہ دیش کی خاتونِ اول بنیں۔
چار برس بعد، جب ان کے شوہر کو قتل کر دیا گیا، تو انہوں نے ان کی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی قیادت سنبھالی۔
 1991 کے عام انتخابات میں بی این پی کی فتح کے بعد وہ پہلی بار اقتدار میں آئیں اور پاکستان کی بے نظیر بھٹو کے بعد کسی مسلم اکثریتی ملک کی دوسری خاتون وزیرِ اعظم بنیں۔
خالدہ ضیا نے 1996 میں قائم ہونے والی ایک مختصر مدت حکومت کی بھی وزارتِ عظمیٰ سنبھالی اور 2001 میں دوبارہ مکمل پانچ سالہ مدت کے لیے وزیرِ اعظم بنیں۔

 

شیئر: