سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت میں آ سکتے ہیں لیکن لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ موصول ہونے اور اس پر مشاورت تک کسی بھی رکن کو قومی اسمبلی ایوان میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ارکان کے پارلیمنٹ ہاؤس میں پہنچنے کے بعد قومی اسمبلی کا آج جمعرات کو ہونے والا اجلاس مختصر کارروائی کے بعد غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
تحریک انصاف کی استعفے منظور کرنے کی درخواست مستردNode ID: 729766
-
تحریک انصاف نے 44 اراکین اسمبلی کے استعفے واپس مانگ لیےNode ID: 736921
-
پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطلNode ID: 741396
اجلاس شروع ہونے سے قبل سپیکر نے قومی اسمبلی کے سکیورٹی حکام کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ سپیکر نے سارجنٹ ایٹ آرمز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے سابق ارکانِ اسمبلی کو ایوان میں نہ آنے دیا جائے۔
پارلیمنٹ حکام نے اردو نیوز کو بتایا کہ سپیکر نے ہدایت کی ہے کہ پی ٹی آئی ارکان سے متعلق معاملے پر جب تک وضاحت نہ ہو جائے تو وہ ایوان کے اندرداخل نہیں ہو سکتے۔
’جو شخص قومی اسمبلی کا رکن نہیں وہ ایوان میں ارکان کی نشستوں پر بیٹھ سکتا ہے نہ ہی ایوان کے فلور پر قدم رکھ سکتا ہے۔ کسی سابق رکن نے بغیر اجازت جانے کی کوشش کی توسارجنٹ ایٹ آرمز اسے روکیں گے۔ اس حوالے سے حکمت عملی طے کر لی گئی ہے۔‘
پی ٹی آئی کے استعفوں کے حوالے سے ہونے والی حالیہ پیش رفت پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ ابھی تک اسمبلی کو موصول نہیں ہوا، آئندہ کا لائحہ عمل فیصلہ پڑھنے کہ بعد طے کیا جائے گا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے 43 ارکان کے استعفوں کی منظوری معطل ہونے کے بعد انہیں پارٹی کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں جس پر تحریک انصاف کے ارکان اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
