Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

7.4کلو گرام وزنی بچے کی پیدائش

ویلنگٹن - - - - - -  پیدائش کے وقت بالعموم بچے معمولی صحت اور قد کے حامل ہوتے ہیں اور پھر رفتہ رفتہ وہ تندرست و توانا نظرآنے لگتے ہیں تاہم کچھ بچے پیدائش کے وقت اتنے موٹے تازے ہوتے ہیں کہ دوسرے بچے انکا مقابلہ نہیں کرپاتے۔ ایسا ہی کچھ یہاںپیدا ہونے والے ایک بچے نے کر دکھایا ہے۔ نوزائیدہ کا وزن7.4کلو گرام ہے او راسکا قد 57سینٹی میٹربتایا جاتا ہے۔ بچے کی پیدائش آپریشن سے ہوئی ہے اور اسکے لئے ڈاکٹروں اور سرجنوں کو تین گھنٹے تک مصروف عمل رہنا پڑا۔ بچے کے والدین کا کہناہے کہ وہ خود زیادہ لمبے چوڑے یا قد آور نہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے بچے کو اتنا موٹا تازہ دیکھ کر حیران ہیں۔ بچے کے بڑے بھائی کا وزن پیدائش کے وقت محض 5.3کلو گرام تھا۔ ویسے اس خاندان کے بیشتر افراد قد آور کہے جاسکتے ہیں۔ ریکارڈ کے اعتبار سے نومولود نیوزی لینڈ میں پیدا ہونے والے چند انتہائی بڑی جسامت کے بچوں میں شمار کیا جارہا ہے۔ اسکی جسامت پیدائش کے وقت سے عام بچوں سے دگنا ہے اور اسے جو کپڑے پہنائے جارہے ہیں وہ بالعموم 6ماہ کے بچے پہنتے ہیں۔ پیدائش سے قبل ڈاکٹروں نے پیشگوئی کی تھی کہ یہ بچہ 14پاؤنڈ وزنی ہوگا اور اس کی جسامت اتنی زیادہ ہے کہ حمل کے آخری ایام میں ماں کو اچھی خاصی تکلیف ہوسکتی ہے۔ بچے کی پیدائش ویلنگٹن اسپتال میں ہوئی ہے تاہم اسکے والدین نے اپنی شناخت ظاہر نہیں کی۔ ویسے اس تندرست بچے کی پیدائش پردونوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔بچے کی جسامت اور قد آوری دیکھ کر فیملی کے افراد اور دوسرے دوست احباب ابھی سے یہ پیشگوئی کررہے ہیں کہ یہ بچہ بڑا ہوکر اسٹار ایتھلیٹ بنے گا مگر والدین اس کے مستقبل کے حوالے سے کچھ اور ہی سوچ رہے ہیں۔ انکی خواہش ہے کہ ا نکا بچہ کوئی فنکار ہو اور مختلف ساز بجاسکتا ہو۔اپنی قد آوری کے سبب یہ بچہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل عالمی ریکارڈ کے بالکل قریب پہنچ گیاہے۔ اس وقت پیدائش کے وقت سب سے زیادہ وزن والے بچے کا ریکارڈ ایک آسٹریلوی خاتون کے پاس ہے جس نے 1879ء میں 23پاؤنڈ سے زیادہ وزنی بچے کو جنم دیا تھا۔

شیئر: