Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمپائر لڑکی اور ڈینٹسٹ کا عشق، ’ٹوتھ پری‘ کا ٹریلر جاری

یہ ویب سیریز 20 اپریل کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔ (فوٹو: سکرین شاٹ/نیٹ فلکس)
 نیٹ فلکس انڈیا نے منگل کے روز ’ٹوتھ پری‘ نامی ایک نئی ہندی ویب سیریز کے ٹریلر کو ریلیز کیا ہے۔
خوف، تھرلر اور وحشت سے بھرپور ویب سیریز ’ٹوتھ پری‘ نیٹ فلکس کی اوریجنل پروڈکٹ ہے جس میں رومانس، ہارر، لڑائی اور تباہی دکھائی گئی ہے۔
نیٹ فلکس انڈیا نے ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ میں ٹوتھ پری کے ٹریلر اور ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ ایک ویمپائر لڑکی تھی، وہ لڑکا ڈینٹسٹ تھا، پھر کیا غلط ہوا؟
ٹریلر کے مطابق ہارر سے بھرپور ویب سیریز کی کہانی ایک دندان ساز ڈاکٹر روئے اور ایک لڑکی رُومی کے گرد گھومتی ہے جنہیں ایک دوسرے سے محبت ہو جاتی ہے لیکن حقیقت میں وہ لڑکی ایک ویمپائر ہے۔
رومی اور روئے کی محبت کی کہانی کے آگے بیرونی طاقتیں اور ویمپائرز کی دنیا بھی حائل ہو جاتی ہے۔
اس ویب سیریز کی مرکزی کاسٹ میں تانیہ مانکتالا، شانتنو مہیش وری، سکندر کھیر، تِلو تاما شومے اور عادل حسین شامل ہیں۔
یہ ویب سیریز 20 اپریل کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔
رُومی کا کردار نبھانے والی تانیہ مانکتالا نے اداکاری کا آغاز 2020 میں ریلیز ہونے والی انٹرنیشنل سیریز ’آ سُوٹ ایبل بوائے‘ سے کیا تھا جبکہ انہیں نیٹ فلکس کی انتھالوجی سیریز ’فِیلز لائک عشق‘ میں بھی دیکھا گیا تھا۔
دوسری جانب ڈاکٹر روئے کا کردار کرنے والے شانتنو مہیش وری نے 2022 میں ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ اس سے قبل مشہور ڈانس رئیلٹی شو ’جھلک دکھلا جا‘ اور ’نچ بلیئے‘ کے سیزن میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔
شانتنو دیسی ہوپرز ڈانس گروپ کا بھی حصہ ہیں جو 2015 میں  امریکی شہر لاس اینجلس میں ورلڈ آف ڈانس چیمپئن شپ جیتی تھی۔

شیئر: