سعودی عرب کا قازقستان کے لیے قرآن پاک کے 50 ہزار نسخوں کا تحفہ
قازقستان کے مفتی کی موجودگی میں قرآن پاک کا تحفہ حوالے کیا گیا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے قازقستان کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے قرآن پاک کے پچاس ہزار نسخوں کا تحفہ دیا ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق قازق زبان میں قرآن پاک کے معانی کا ترجمہ شاہ فہد مرکز برائے اشاعت قرآن مدینہ منورہ کا تیار کردہ ہے۔
قرآن پاک اور قازق زبان میں اس کے معانی کے ترجمے والے نسخے قازقستان کے مفتی شیخ نوریزی حاج تاگانولی کی موجودگی میں قازقستان کے دارالحکومت نورسلطان میں حوالے کیے گئے۔
اس موقع پر سعودی سفیر فیصل بن حنیف القحطانی اور وزارت کے نمائندے طلال المالکی بھی موجود تھے۔
سعودی سفیر القحطانی نے کہا کہ’ قرآن پاک اور اس کے معانی کے ترجمے پر مشتمل نسخے اس بات کا ثبوت ہیں کہ سعودی حکومت دنیا بھر کے مسلمانوں کی ضروریات کو اچھی طرح سے سمجھتی اور ان کا خیال رکھتی ہے‘۔
قازقستان کے مفتی نے گرانقدر تحفے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے سعودی عرب نے قازقستان کو قرآن پاک اور اس کے معانی کے ترجمے پر مشتمل نسخوں کا تحفہ سال رواں کے دوران دوسری مرتبہ دیا ہے۔ پہلی بار 31 مئی 2023 کو 36 ہزار 500 نسخے دیے تھے۔