سعودی وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نےکہا کہ’ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہونا اور ان کے خلاف جارحانہ پالیسیوں کی مذمت کرنا خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی ) کے قیام سے آج تک غیرمتزلزل موقف ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ’ فلسطین محض فلسطینی عوام ہی نہیں بلکہ یہ ہم سب، مسلم اور عرب ملکوں اور یہاں تک کہ پوری انسانیت کےلیے ایک مسئلہ ہے‘۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسقط میں جی سی سی وزرائے اسلامی امور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا’ فلسطین کاز سعودی عرب کےلیے اہم مسئلہ ہے اور سعودی عرب فلسطینی عوام اور ان کے قانونی حقوق کی حمایت کرتا ہے‘۔
فلسطینیوں کے خلاف جارحیت اور مخالفانہ پالیسی کی مذمت کی جائے۔ یہ سعودی عرب کا کلیدی مسئلہ ہے۔
عبداللطیف آل الشیخ نے کہا کہ’ ہمارا فرض ہے کہ مسئلہ فلسطین کو امت کے ذہنوں میں زندہ رکھیں۔ مذہبی بیانیے میں اس کا مسلسل تذکرہ کریں‘۔