سعودی سرمایہ کار نے عرب شہری پر ساڑھے تین لاکھ ریال کا قرضہ معاف کردیا
عدالت نے سعودی شہری کے حق میں فیصلہ جاری کیا تھا۔ (فوٹو: سبق)
سعودی سرمایہ کار نے عرب شہری پرساڑھے تین لاکھ ریال قرض کی رقم معاف کردی۔
سبق ویب کے مطابق رفحا کمشنری کے مغرب میں العجرمیہ بستی کے قریب ایک عرب شہری ٹریفک حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔ اس کی گاڑی سے ایک اردنی ہلاک اور تین زخمی ہوئے تھے۔
سعودی سرمایہ کار نے مقیم عرب شہری کو جو تعمیراتی شعبے میں کام کررہا تھا سزا سے بچانے کے لیے تین لاکھ ریال دیت اور پچاس ہزار ریال زخمیوں کے علاج کے لیے قرض کے طور پر دیے تھے۔ طے ہوا تھا کہ عرب شہری یہ رقم لوٹا دے گا۔
واقعہ کے کچھ عرصے بعد عرب شہری مبینہ طور پر وعدہ خلافی کرکے مملکت سے چلا گیا۔ سعودی سرمایہ کار عرب شہری کو واپس لانے میں کامیاب ہوا اوراسے متعلقہ اداروں کی تحویل میں دیا تھا۔
عدالت نے سعودی شہری کے حق میں ساڑھے تین لاکھ ریال کی ادائیگی کا حکم جاری کیا تھا۔
چند روز قبل عرب شہری کی بیٹی العجرمیہ قریے میں واقع سعودی سرمایہ کار کے گھر پہنچ گئی اس نے اپنے والد کو اللہ کی خاطر معاف کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ اگر آپ نے معاف نہ کیا تو میرے والد زندگی بھر جیل میں رہیں گے اور پورا خاندان تباہ ہوجائے گا۔
سعودی سرمایہ کار نے عرب شہری کی بیٹی کی فریاد سن کر اللہ کی رضا کےلیے قرض کی رقم معاف کردی۔