جدہ ( امین انصاری )اسٹارز انٹرنیشنل کراٹے کلب جدہ کے ڈپٹی گرینڈ ماسٹر محمد اسحاق اور کلب کے استاد محمد حبیب کو ان کی بہترین کارکردگی پر مجلس اتحاد المسلمین کے ایم ایل اے ممتاز احمد خان نے جدہ میں میڈلدیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دکن کے یہ سپوت وطن سے دور رہ کر بچوں اور نوجوانوں کو مارشل آرٹ سے جوڑ کر قوم و ملت کی خدمت انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محمد اسحاق نے اب تک 11ہزار بچوں کو کراٹے کا فن سکھاکر جہاں ان میں خود اعتمادی پیدا کی وہیں انہیں سیلف ڈیفنس کا ماہر بنادیا ۔ چیف ایڈوائزر استا د نظام علی خان نے کہا کہ اسٹارز کلب کا گورنمنٹ آف انڈیا کی جانب سے الحاق کیا گیا ہے جس سے یہاں کراٹے سیکھنے والے بچے ہندوستانی حکومت کی طرف سے ہونے والے ٹورنامنٹ میں راست حصہ لے سکیں گے ۔ گورنمنٹ آف انڈیا نے ماسٹر اسحاق کو 7 ڈان ڈگری ایوارڈ عطا کیا جس سے وہ سعودی عرب کے گرانڈ چیف کے عہدے پر فائز ہوگئے جو ایک انتہائی اہم اعزاز کی بات ہے ۔ اسٹارز کلب میں ہندو پاک اور عرب ممالک کے بچوں کو سیلف ڈیفنس کا ماہر بنایا جاتا ہے ۔ محمد اسحاق اور محمد حبیب نے اس موقع پر ممتاز احمد خان ایم ایل اے کا شکریہ ادا کیا ۔ ماسٹر اسحاق نے گورنمنٹ آف انڈیا کے ادارے کراٹے ایسوسی ایشن آف انڈیا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں سعودی عرب کا گرینڈ چیف ماسٹر بنایا ۔