Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر ٹیکس نہیں کٹے گا: ایف بی آر

ترجمان ایف بی آر کے مطابق ’ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں ٹیکس اکٹھا کرنے والے ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے جیولین تھرور ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقوم پر ٹیکس کاٹنے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
سنیچر کو ایف بی آر کے ترجمان مختیار احمد کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقم پر کوئی ٹیکس نہیں کٹے گا۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے مقامی میڈیا میں دن بھر یہ خبریں گردش کرتی رہیں کہ ارشد ندیم کو ملنے والی انعامی رقام پر کروڑوں روپے ٹیکس کی کٹوتی ہوگی۔
ترجمان ایف بی آر کا مزید کہنا تھا کہ ’اولمپئن ارشد ندیم کو ملنے والے انعامات پر انکم ٹیکس یا وِدہولڈنگ ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوتا۔‘
انکم ٹیکس قوانین میں اولمپکس میں حاصل کیے گئے انعامات پر ٹیکس کا ذکر نہیں: ایف بی آر 
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’انکم ٹیکس قوانین میں اولمپکس میں حاصل کیے گئے انعامات پر ٹیکس کا ذکر نہیں ہے۔ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔‘
ترجمان ایف بی آر مختیار احمد کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 156 کے تحت پرائز بانڈ اور لاٹری کے تحت حاصل کیے گئے انعامات پر ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’اسی طرح کوئز مقابلوں میں حاصل کیے گئے انعام اور کمپنیوں کی طرف سے دی گئی سیل پروموشنز پر بھی ٹیکس عائد ہوتا ہے۔‘
ارشد ندیم کے لیے کیے گئے انعامی اعلانات
اس سے قبل اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے حکومتی اور نجی سطح پر متعدد انعامات کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کی جانب سے ارشد ندیم کے لیے 10کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ جشن آزادی پر ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کو تحفہ دیا۔ارشد ندیم کو انعام دے کر قوم کی طرف سے شکریہ ادا کر رہے ہیں اور میاں چنوں میں ارشد ندیم سپورٹس سٹی بھی بنائیں گے۔‘
اس کے علاوہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے جیولین تھرو میں سونے کا تمغہ جیتنے والے ارشد ندیم کو 20 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے

’ارشد ندیم کو ملنے والے انعامات پر انکم ٹیکس یا وِدہولڈنگ ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوتا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

حکومت سندھ نے ارشد ندیم کے لیے پانچ کروڑ روپے جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے انہیں 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
ارشد ندیم کو ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن کی جانب سے 50 ہزار امریکی ڈالر بطور انعام دیے جائیں گے۔
کرکٹر احمد شہزاد اور نامور گلوکار علی ظفر نے ارشد ندیم کو 10، 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
اے آر وائی چینل کے مالک سلمان اقبال نے اعلان کیا ہے کہ اولمپک گولڈ میڈلسٹ کو ’اے آر وائی لگونا‘ میں ایک اپارٹمنٹ بطور انعام دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر ’عزم استحکام‘ کے عنوان سے ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔
اس ڈاک ٹکٹ پر پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور ارشد ندیم کی تصویر لگا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پیرس اولمپکس 2024 میں جمعرات کو پاکستان کے جیولن تھرور ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو پھینک کر نہ صرف گولڈ میڈل اپنے نام کیا بلکہ ساتھ ہی اولمپکس کا نیا ریکارڈ بھی قائم کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
یہ پاکستان کی جانب سے 1992 کے بعد اولمپکس میں پہلا تمغہ ہے جبکہ 40 برس بعد پہلا گولڈ میڈل ہے۔

شیئر: