سعودی عرب میں گھریلو کارکنوں کے اقامے کی تجدید کب کرائی جا سکتی ہے؟
کارکنوں کا ورک پرمٹ اور میڈیکل انشورنس کا کارآمد ہونا ضروری ہے ( فوٹو: سبق)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کا کہنا ہے’ مملکت میں موجود گھریلو کارکنوں کے اقامے کی تجدید 14 ماہ سے کم مدت ہونے پر کرائی جا سکتی ہے۔‘
عاجل نیوز کے مطابق محکمہ جوازات کے ایکس اکاونٹ پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ گھریلو کارکن کے اقامے کی ایکسپائری میں 6 ماہ کی مدت باقی ہے اس صورت میں اقامہ کی تجدید کرائی جاسکتی ہے یا نہیں؟۔
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا ’گھریلو کارکنوں کے اقامے کی تجدید کے لیے انتہائی مدت 14 ماہ سے کم ہو تو اس صورت میں مزید اس میں توسیع کرائی جا سکتی ہے۔‘
جوازات کا مزید کہنا تھا ’ ضوابط کے مطابق کمرشل کارکنوں کے اقامے کی ایکسپائری میں اگر 6 ماہ یا اس سے کم وقت باقی ہونے کی صورت میں تجدید کرنا ممکن ہے تاہم اسکے لیے ضروری ہے کہ کارکنوں کا ورک پرمٹ اور میڈیکل انشورنس کارآمد ہو۔‘
واضح رہے مملکت میں لیبر لا کے مطابق گھریلو ملازمین جنہیں عربی میں ’عمالہ منزلہ‘ کہا جاتا ہے ان میں ہاوس ڈرائیور، خادمہ ، چوکیدار، چرواہے اور گھریلو ملازم وغیرہ شامل ہیں ان کے اقاموں کا اجرا اورتجدید لیبر آفس (مکتب العمل) کے ورک پرمٹ سے مشروط نہیں ہوتی۔
گھریلو کارکنوں کے اقامے کی ذمہ داری محکمہ جوازات کی ہوتی ہے جہاں سے ان کے اقامے کا اجرا اور تجدید کرائی جاتی ہے۔
دوسری جانب کمرشل کارکنوں کے اقاموں کا اجرا اور تجدید سے قبل لیبر آفس سے ورک پرمٹ جاری کرایا جاتا ہے جس کے بعد اقامے جاری کیے جاتے ہیں۔
کمرشل کارکنوں کے اقامے کےلیے ورک پرمٹ کے ساتھ میڈیکل انشورنس لازمی ہوتا ہے۔ اس زمرے میں شامل کارکنوں کے اقامے کی تجدید 3 ، 6 ماہ ، 9 اور 12 ماہ کے لیے کرائی جاسکتی ہے جبکہ گھریلو کارکنوں کے اقاموں کی تجدید سہ ماہی بنیاد پر نہیں ہوتی۔
