Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطری آرمی چیف نے اسلامی فوجی اتحاد کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا

مشترکہ تعاون کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
 قطری مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل جاسم بن محمد المناعی نے اپنے وفد کے ہمراہ ریاض میں اسلامی عسکری اتحاد برائے انسداد دہشتگردی کے دفتر کا دورہ کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق عسکری اتحاد کے سیکرٹری جنرل میجر جنرل محمد سعید المغیدی نے قطری آرمی چیف اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران عسکری اتحاد اور قطری مسلح افواج کے مابین مشترکہ تعاون کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 دہشگردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کے تحت رکن ممالک کی ادارتی صلاحیتوں کو منظم اور مستحکم بنانے میں اسلامی عسکری ادارے کے بڑھتے ہوئے کردار کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
  اتحاد کے سیکرٹری جنرل میجر جنرل المغیدی نے یقین دہانی کی کہ وزیر دفاع وعسکری اتحاد کی دفاعی وزرا کونسل کے چیئرمین شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز کی اسلامی عسکری اتحاد کو بھر پور حمایت و تعاون حاصل ہے۔

 قطری آرمی چیف جنرل جاسم المناعی نے اتحاد کے موثر کردار کو سراہا (فوٹو: ایس پی اے)

ان کا کہنا تھا’ فوجی اتحاد دہشتگردی کے خلاف جنگ اور اس کے فکری و مالی ذرائع کو خشک اور علاقائی و بین الاقوامی سلامتی کو مستحکم کرنے کے حوالے سے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے رکن ممالک کے ساتھ اجتماعی عمل اور باہمی ہم آہنگی کو بڑھانے کےلیے مسلسل کام کررہا ہے۔‘
 قطری آرمی چیف جنرل جاسم المناعی نے اتحاد کے اس موثر کردار کو سراہا جو اس نے رکن ممالک کے مفاد میں کیے۔
دورے کے اختتام پر لیفٹیننٹ جنرل اور ان کے وفد نے اتحاد کے مرکزی دفتر اور اس کے خصوصی مراکز کا جائزہ لیا جہاں انہوں نے انتہا پسندی کے خلاف فکری و میڈیا جنگ میں استعمال ہونے والی جدید  ٹیکنالوجیز اور طریقہ کار کا مشاہدہ بھی کیا۔

 

شیئر: