Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں 21ویں شب تراویح اور قیام اللیل کے روح پرور مناظر 

رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہوتے ہی مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں قیام اللیل اور اعتکاف کا آغاز ہو گیا ہے۔ حرمین میں لاکھوں فرزندان اسلام نے 21ویں شب کی تراویح اور قیام اللیل ادا کی۔
مقامی شہری، مقیم غیرملکی اور دنیا بھر سے آئے ہوئے عمرہ زائرین عشاء، تراویح اور قیام اللیل کی ادائیگی کے لیے پہلے سے پہنچ چکے تھے۔
اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے۔ مسجد الحرام، نئی توسیع کی عمارت، اندرونی و بیرونی صحنوں کے علاوہ چھتیں نمازیوں سے بھر گئی تھیں۔ انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
مسجد الحرام میں 21ویں شب کو پہلی قیام اللیل (نماز شبینہ) کے دوران لاکھوں فرزندان اسلام نے وتر کی نماز میں ہونے والی خصوصی دعا میں بھی شرکت کی۔
مسجد نبوی میں بھی لاکھوں افراد نے رمضان المبارک کے آخری عشرے کی پہلی شب تراویح اور قیام اللیل کی نماز میں شرکت کی۔
اندرونی و بیرونی صحنوں کے علاوہ چھتیں نمازیوں سے بھری ہوئی تھیں۔ انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے۔

حرمین شریفین انتظامیہ نے تمام تیاریاں مکمل کر رکھی تھیں، جس میں آب زم زم کی فراہمی اور حرمین کو معطر کرنے کا انتظام شامل تھا۔
ادارہ امور حرمین کی جانب سے لاکھوں زائرین اور نمازیوں کی خدمت کے لیے مختلف سرکاری اداروں، رضاکار اور سکاؤٹس کے یونٹس بھی متحرک  رہے۔

یاد رہے حرمین شریفین جنرل اتھارٹی نے ماہ رمضان کے لیے جامع آپریشنل پلان تیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
جس کا مقصد خدمات کے معیار اور آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانا، ساتھ ہی حرمین شریفین میں سیفٹی اور ریلائبیلٹی کے اعلیٰ ترین معیارات کو یقینی بنانا ہے۔

 

شیئر: