Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جزائر فرسان میں 300 سال قدیم تاریخی مسجد التابوت کی تعمیرِ نو

مملکت کی ثقافتی شناخت کو آگے بڑھانے کی کوششوں کے سلسلے میں تاریخی مساجد اور ان کے تعمیری لینڈ مارکس کے تحفظ کے لیے، ’پرنس محمد بن سلمان پروجیکٹ‘ کے تحت قدیم مساجد کی بحالی کا کام جاری ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ’پرنس محمد بن سلمان پروجیکٹ‘ کے دوسرے مرحلے میں جزائر فرسان کے الطرمبی علاقے میں واقع قدیم و تاریخی مسجد التابوت کی تعمیرِ نو کا کام مکمل کر لیا گیا۔
مسجد التابوت تین سو برس قبل تعمیر کی گئی تھی جس میں روز اول سے آج تک نماز باجماعت ادا کی جاتی رہی ہے۔ اس کا شمارعلاقے کی انتہائی قدیم و تاریخی مسجد میں کیا جاتا ہے۔
یہ مسجد مختلف ائمہ کے حوالے سے بھی مشہور رہی ہے جنہوں نے مسجد کی دیکھ بھال کے حوالے سے اہم کردار ادا کیا۔ ان میں نمایاں ترین امام شیخ ناصر الرفاعی شامل تھے۔
جزائر فرسان کی قدیم تعمیری شناخت کے حوالے سے مسجد فن تعمیر کا شاہکار ہے۔ اسے کان کنی کے پتھروں اور چکنی مٹی سے تعمیر کیا گیا تھا جو علاقے کے ماحول سے مطابقت رکھتے ہیں۔
مسجد کے تین مرکزی داخلہ دروازے ہیں۔ اس میں مرکزی نماز کا ہال موجود ہے، جس میں مساوی انداز میں تین گنبد بنائے گئے ہیں۔ توسیع کے بعد مسجد میں خواتین کے لیے نماز کا ہال اور وضو خانے بھی تعمیر کیے گئے۔

وزارت اسلامی امور و دعوت والارشاد کے زیر انتظام اس مسجد کا مجموعی رقبہ 523 مربع میٹر ہے جس میں توسیع سے قبل 106 نمازیوں کی گنجائش تھی جبکہ توسیع کے بعد یہ بڑھ کر 164 تک پہنچ گئی۔

 

شیئر: