Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ میں ماحول دوست جدید ’مکہ ٹیکسی‘ سروس

مکہ ٹیکسی میں ادائیگی کے لیے نقد اور کریڈٹ کارڈز کی سہولت ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
مکہ مکرمہ اور مشاعرمقدسہ رائل کمیشن نے جنرل ٹرانسپورٹ سینٹر کے تعاون سے عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ پائیدار اور ماحول دوست ’ٹیکسی مکہ‘ کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ٹیکسی مکہ کا منصوبہ رواں برس کے آغاز میں پیش کیا گیا تھا ۔ ٹیکسی سروس کو فعال بنانے کے لیے مکہ مکرمہ کے مختلف مقامات پر 47 سٹینڈز بنائے گئے ہیں جن میں مرکزی سٹینڈ حرم شریف کے اطراف میں قائم کیا گیا ہے۔
مکہ ٹیکسی ہفتے کے ساتوں دن اور 24 گھنٹے کی بنیاد پر دستیاب ہوگی ۔ فراہم کی جانے والی گاڑیاں ٹیکنالوجی اور پائیداری کا حسین امتزاج ہیں  جو ہائیبرڈ اور الیکٹریکل سسٹم پر کام کرتی ہیں اور ماحولیاتی تحفظ کے اہداف سے مطابقت رکھتی ہیں ۔
مکہ مکرمہ مملکت کا پہلا شہر ہے جہاں ٹرانسپورٹ سروسز کے آپریشنل لائسنس سسٹم کو نافذ کیا ہے جس کے تحت لائسنس یافتہ آپریٹرز مطلوبہ معیار کے مطابق گاڑیاں فراہم کریں گے۔
ٹیکسی مکہ سروس میں سواریوں کی سہولت کے لیے ادائیگی کے تمام طریقوں  کو متعارف کرایا گیا ہے جن میں نقد اور کریڈٹ کارڈز شامل ہیں۔
کرایہ کے حوالے سے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے طے کیا جانے والا کرایہ ہی میٹر میں فیڈ ہوگا۔
’مکہ ٹیکسی‘ سروس کے تحت فراہم کردہ گاڑیاں جدید حفاظتی خصوصیات سے مزین ہیں جن میں سی سی ٹی وی کیمرے، مسافروں کی تعداد معلوم کرنے کے لیے حساس سینسرز سسٹم، ہنگامی بٹن اور متعدد زبانوں میں معلوماتی اسکرینز نصب ہیں۔ علاوہ ازیں صارفین سے رابطے کے لیے مخصوص کال سینٹر سروس بھی فراہم کی گئی ہے۔

 

شیئر: