اسحاق ڈار کی مدینہ میں روضہ رسول پر حاضری، مسجد نبوی میں نماز ادا کی
اسحاق ڈار نے مسجد نبوی میں نماز ادا کی اور روضہ رسول پر حاضری دی (فوٹو: دفتر خارجہ)
سعودی عرب کے دورے پر موجود پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار مدینہ سے جدہ پہنچ گئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق، سعودی رائل پروٹوکول، پاکستان کے نائب قونصل جنرل اور افسران نے جدہ پہنچنے پر اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔
اس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ نے مسجد نبوی میں نماز ادا کی اور روضہ رسول پر حاضری دی۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس موقعے پر انہوں نے پاکستان اور امتِ مسلمہ کی ترقی اور خوش حالی کے لیے دعا بھی کی۔
اسحاق ڈار سعودی عرب میں ہونے والے اسلامی کانفرنس تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے غیرمعمولی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اسلامی کانفرنس تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا غیرمعمولی اجلاس آج جدہ میں ہو رہا ہے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق ’اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے صومالی لینڈ کو الگ ملک کی حیثیت سے تسلیم کرنے کا معاملہ زیر غور آئے گا اور اسحاق ڈار اس معاملے پر پاکستان کا موقف واضح کریں گے۔‘
وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کی سائیڈلائن پر اسلامی کانفرنس تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی صورت حال اور دیگر بین الاقوامی معاملات زیرِبحث آئیں گے۔
