Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایئر چیف مارشل کا دورہ سعودی عرب: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق

 سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران رائل سعودی ایئر فورس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی سے پاکستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ملاقاتیں کی ہیں۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق  ایئر چیف کی سعودی عرب آمد پر رائل سعودی ایئر فورس کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ان ملاقاتوں میں دو طرفہ دفاعی تعاون، خطے کی سکیورٹی صورتِ حال اور مستقبل میں باہمی اشتراکِ عمل کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی عسکری قیادت نے موجودہ تعاون کی سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ تربیت، عملی تعاون اور پیشہ ورانہ مہارت کے تبادلے کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
بیان کے مطابق فریقین نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کو باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کی علامت قرار دیا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دونوں ممالک کے تاریخی اور قریبی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان فضائیہ دوطرفہ اور کثیر ملکی مشقوں کے ذریعے عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے اس موقع پر پاکستان فضائیہ کی تنظیمی اور عملی تبدیلیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ادارہ اب ایک کثیر جہتی (ملٹی ڈومین) فورس کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس میں خلا، سائبر، الیکٹرانک وارفیئر اور مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو شامل کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق سعودی دفاعی قیادت نے پاکستان فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، عملی کارکردگی اور جنگی تیاریوں کو سراہتے ہوئے مشترکہ تربیت اور عملی تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا، خاص طور پر ملٹی ڈومین آپریشنز کے شعبے میں۔ انہوں نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی مثبت قرار دیا۔

شیئر: