سعودی سفیر کی مصدق ملک سے ملاقات، ’دوطرفہ تعاون مزید مستحکم بنانے کا عزم‘
سعودی سفیر کی مصدق ملک سے ملاقات، ’دوطرفہ تعاون مزید مستحکم بنانے کا عزم‘
جمعہ 9 جنوری 2026 10:51
مصدق ملک نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کے مسلسل تعاون کو سراہا (فوٹو: حکومت پاکستان)
پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی مصدق ملک سے ملاقات کی۔
وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جمعے کو ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے مابین باہمی اور تزویراتی تعاون کے فروغ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر مصدق ملک نے ملاقات کے دوران موسمیاتی لچک اور پائیدار ترقی کے حوالے سے پاکستان کی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے عالمی ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی شراکت داریوں کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کے مسلسل تعاون اور معاونت کو سراہا۔
سعودی سفیر نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا (فوٹو: حکومت پاکستان)
اس موقع پر سعودی سفیر نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اُجاگر کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے مابین دیرینہ شراکت داری مستقبل میں مزید وسعت اختیار کرے گی۔