’درب العلا ریس 2026‘: تاریخی مناظر میں ہزاروں شرکا کی دوڑ
العلا کمشنری میں ’درب العلا 2026‘ کے عنوان سے شروع ہونے والی ریس میں اندرون و بیرونِ مملکت سے بڑی تعداد میں مرد و خواتین اور بچوں نے حصہ لیا۔

ریس کے لیے العلا کا انتخاب انتہائی عمدہ مقام ہے جو شرکاء کو تاریخی راستوں پر ایک یادگار سفر کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق العلا میں ہونے والی ریس کا ٹریک ان راستوں سے گزرتا ہے جہاں قدیم تہذیب کے آثار، تاریخی عمارتیں، سرسبز نخلستان اور سنگلاخ چٹانیں موجود ہیں جو العلا کی منفرد قدرتی اور ثقافتی شناخت کر بھرپور انداز میں اجاگر کرتے ہیں۔

’درب العلا ریس 2026‘ کے ایڈیشن میں مختلف کیٹیگریز مقرر کی گئی ہیں۔ 100 کلومیٹر کی دوڑ کو پیشہ ورایتھلیٹس کے لیے برداشت کا سخت امتحان سمجھا جا رہا ہے جبکہ 50 کلومیٹر کی دوڑ قدیم بستی اور منفرد قدرتی راستوں سے ہو کر گزرتی ہے۔

’جبل الفیل‘ (ہاتھی والی پہاڑی) کا راستہ 23 کلومیٹر کی دوڑ کے لیے ہے جوعام شرکا کے لیے اس کے علاوہ العلا اوئیسس کی 10 کلومیٹر ریس بھی مقابلے کا حصہ ہے۔

درب العلا ریس کا منفرد پہلو یہ ہے کہ اس میں بچوں کو بھی شامل کیا گیا جن میں 5 سے 12 برس کے بچوں کے لیے سن سیٹ ریس 1.6 کلومیٹر جبکہ 13 اور اس سے زائد عمر کے بچوں کے لیے 3 کلومیٹر کی مسافت مقرر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ العلا کمشنری کو مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد اور میزبانی کے حوالے سے عالمی شہرت حاصل ہو رہی ہے۔

یہاں کی متنوع جغرافیائی ساخت اورغیرمعمولی قدرتی ماحول میں دوڑنے والوں کو نہ صرف اپنی جسمانی برداشت آزمانے کا موقع ملتا ہے بلکہ دریافت اور مہم جوئی کا بھی بھرپور تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ العلا ریس میں جسمانی چیلنج اور قدرتی حسن یکجا ہیں۔