Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

9ویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مشقیں، 19 دوست ممالک شریک

فوجی مشقوں کی افتتاحی تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں منعقد ہوئی۔ فوٹو: آئی ایس پی آر
پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ 9ویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلوں کی افتتاحی تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں منعقد ہوئی جن کا مقصد دوست ملکوں کی افواج کے دستوں کے درمیان ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو بڑھانا ہے۔
بدھ کو آئی ایس پی آر کے جاری کیے گئے بیان کے مطابق افتتاحی تقریب جس میں 60 گھنٹے طویل پٹرولنگ مشق کا آغاز ہوا۔ تقریب میں سینیئر افسر نے شرکت کی۔
رواں سال 2026 کے مقابلوں میں 19 دوست ممالک کی کل 24 بین الاقوامی ٹیمیں اور فوجی مبصرین حصہ لے رہے ہیں۔ شرکت کرنے والے ممالک میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکی، امریکہ اور ازبکستان شامل ہیں۔ جبکہ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ بطور مبصر شرکت کر رہے ہیں۔
مشق میں پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی 16 ٹیموں کے علاوہ پاکستان ایئرفورس کے مبصرین بھی حصہ لے رہے ہیں۔
’پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ‘ ایک مشن کے لیے مخصوص اور ٹاسک پر مبنی پیشہ ورانہ فوجی مشق ہے جو پاکستان میں ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔ یہ مشق جسمانی چُستی، ذہنی مضبوطی اور فوجی مہارت کے اعلیٰ ترین معیار کا تقاضا کرتی ہے۔ مشق میں حقیقت کے قریب آپریشنل ماحول میں چیلنجنگ حکمت عملی کے مشن کا انعقاد کرتے ہوئے تیزی سے فیصلہ سازی پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔
مشق کا مقصد ٹیم سپرٹ کے ذریعے سخت جانی کو فروغ دینا ہے۔ یہ جدید فوجی نظریات اور بہترین طریقوں کے باہمی اشتراک کے ذریعے شریک افواج کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے ساتھ بنیادی فوجی صلاحیت کو بہتر بنانے کی کوشش کرتی ہے۔

 

شیئر: