ننھا کھلاڑی، بڑا کارنامہ: دو سالہ بچے کے نام سنوکر کے دو عالمی ریکارڈ
جمعرات 29 جنوری 2026 9:58
محض دو سال کی عمر میں غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے شہر مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے جوڈ اوونز نے سنوکر کے دو عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق دو سال اور 261 دن کی عمر میں جوڈ دنیا کے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں جنہوں نے سنوکر میں ڈبل پاٹ کامیابی سے مکمل کیا۔
ڈبل پاٹ سے مراد ایک ہی شاٹ میں کیو بال کے ذریعے دو گیندوں کو دو مختلف پاکٹس میں ڈالنا ہوتا ہے۔
اس کے بعد جوڈ نے ایک اور ریکارڈ قائم کیا اور دو سال اور 302 دن کی عمر میں دنیا کے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے جس نے پول بینک شاٹ کھیلا۔ اس شاٹ میں کیو بال ایک یا ایک سے زائد ریلز (کناروں) سے ٹکرا کر گیند کو پاکٹ میں ڈالتی ہے۔
جوڈ کے والد لیوک اوونز نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ انہیں اپنے بیٹے کی صلاحیت کا اندازہ اسی وقت ہو گیا تھا جب اس نے ڈھائی سال کی عمر میں پہلی بار سنوکر شوٹ کھیلی۔
لیوک اوونز نے کہا 'مجھے اسی وقت احساس ہو گیا تھا جب اس نے کیو کو اپنی انگلیوں میں پکڑا، یہ بالکل فطری انداز تھا، جیسے وہ یہ سب پہلے سے جانتا ہو۔'
قد کے اعتبار سے بہت چھوٹا ہونے کے باوجود، جوڈ نے فل سائز سنوکر ٹیبلز پر کھیلنے کے لیے منفرد طریقے اپنائے۔
لیوک اوونز نے بتایا 'شروع میں یہ بہت مشکل تھا۔ جہاں بھی جاتے تھے ہمیں بار سٹولز استعمال کرنے پڑتے تھے۔ بعد میں ہم نے ایک ایسا سٹول حاصل کر لیا جو پہلے کھانا پکانے کے لیے استعمال ہوتا تھا، مگر پھر ہم نے اسے سنوکر شاٹس کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا۔'
جب گنیز ورلڈ ریکارڈز نے جوڈ سے پوچھا کہ اگر اس کا اپنے والد سے مقابلہ ہو تو کون جیتے گا، جبکہ اس کے والد نے دس سال کی عمر میں سنوکر کھیلنا شروع کیا تھا، تو جوڈ نے پراعتماد انداز میں جواب دیا کہ میں جیتوں گا۔
لیوک اوونز نے مسکراتے ہوئے کہا 'اس وقت وہ مجھے سنوکر میں نہیں ہرا پائے گا، لیکن مجھے لگتا ہے کہ اگلے چند سالوں میں وہ آسانی سے مجھے شکست دے دے گا۔'
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق، جوڈ نے پہلے ہی ایڈوانسڈ تکنیک جیسے فلوٹنگ برج شاٹس اور ریسٹ کا استعمال کرتے ہوئے شاٹس کھیلنا سیکھ لیا ہے۔
وہ سنوکر سپانسرشپ حاصل کرنے والا دنیا کا سب سے کم عمر کھلاڑی بھی بن چکا ہے، جبکہ اس نے 2025 یوکے سنوکر چیمپئن شپ میں خصوصی واک آؤٹ اپیئرنس بھی دی۔
جوڈ اب تک معروف پروفیشنل سنوکر کھلاڑی جمی وائٹ، جان پیروٹ اور کیرن ولسن سے ملاقات کر چکا ہے، جنہوں نے اس کی صلاحیتوں کو بے حد سراہا۔
سنوکر کے علاوہ جوڈ انگلش پریمیئر لیگ کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کا مداح ہے اور مبینہ طور پر ٹیم کے کپتان برونو فرنینڈز کا دیوانہ ہے۔ وہ جان ڈینور کا مشہور گانا ٹیک می ہوم، کنٹری روڈز بھی مکمل طور پر گا سکتا ہے۔
لیوک اوونز کا کہنا تھا 'جوڈ نے اتنی کم عمر میں بہت کچھ حاصل کر لیا ہے۔ کیا وہ مستقبل میں عالمی چیمپئن بنے گا؟ یہ ایک شاندار کہانی ہو گی، اور ہمارے پاس موجود شواہد اس امکان کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔'
