Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بچے ہاتھ نہیں ملاتے جبکہ لیجنڈز گلے ملتے ہیں‘، وسیم اکرم اور روہت شرما کی ملاقات زیر بحث کیوں؟

انڈیا نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
اتوار کو ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ہاتھ نہیں ملائے تاہم سٹیڈیم میں اس سے کچھ مختلف مناظر دیکھنے کو ملے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں پاکستان کے سابق کرکٹر وسیم اکرم اور سابق انڈین کپتان روہت شرما نے نہ صرف مصافحہ کیا بلکہ گلے بھی ملے۔
میچ کے دوران سامنے آنے والی یہ وائرل ویڈیو بظاہر سری لنکا کے پریما داسا سٹیڈیم کی ہے جہاں انڈیا اور پاکستان مدمقابل تھے۔
وسیم اکرم اور روہت شرما نے ایک ایسے وقت میں ملاقات کی ہے جب انڈیا اور پاکستان کے درمیان سیاسی کشیدگی کھیل کے میدانوں میں بھی غالب نظر آرہی ہے۔
گزشتہ برس مئی میں دونوں ممالک کے درمیان محدود جنگ کے نتیجے میں کرکٹ کے میدانوں میں ہاتھ نہ ملانے کا سلسلہ اتوار کو پریما داسا کرکٹ سٹیڈیم میں بھی نظر آیا جہاں کھلاڑیوں نے آپس میں مصحافہ نہیں کیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے روہت شرما اور وسیم اکرم کی ملاقات پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
ایکس صارف نبراز رمضان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’لیجنڈز گلے ملتے ہیں جبکہ بچے ہاتھ نہیں ملاتے۔‘
ستیش اچاریہ نے لکھا کہ ’ہم پاکستان کے ساتھ کھیلیں گے البتہ ان سے ہاتھ نہیں ملائیں گے، کیا ہی بےوقوف آئیڈیا ہے، مجھے نہیں معلوم یہ جینیس مشورہ کس نے دیا۔‘

روشن رائے نے لکھا کہ ’سوریا کمار یادیو نے ٹاس کے موقع پر سلمان علی آغا سے مصافحہ نہیں کیا۔ میچ کے اختتام پر انڈین کھلاڑیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملایا۔ لیکن روہت شرما کو وسیم اکرم کو گلے لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔ مجھے صرف یہ امید ہے کہ اس بات پر روہت کو گالیاں نہیں دی جائیں گی اور نہ ہی شرمندہ کیا جائے گا۔‘
احمد نے لکھا کہ ’اگر محمد سراج اسی طرح سے کسی پاکستانی کھلاڑی کے ساتھ گلے ملتے تو انہیں پاکستان کا ہمدرد نہ قرار دیا جاتا؟‘

ایک اور صارف نے لکھا  کہ ’پاکستان کے خلاف جیت کے بعد ہمیں خوشی کیوں محسوس نہیں ہو رہی؟ اس لیے کہ ہم میچ تو جیت گئے، لیکن ٹیم سے ہاتھ نہ ملا کر اپنی عزت اور کھیل کے جذبے کو کھو دیا۔ ہم آخر کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ جب روہت شرما اور وسیم اکرم نے ہاتھ ملایا، تو پھر کھلاڑیوں نے کیوں نہیں؟‘
گبر نامی اکاؤنٹ نے لکھا  ’روہت شرما نے کرکٹ کے میدان میں ہونے والے سستے سیاسی ہتھکنڈوں سے خود کو بالاتر ثابت کیا ہے۔‘
ریکی نے لکھا ’کیا آپ اس سے توقع کر رہے ہیں کہ وہ اس سے لڑے؟ ایک کہاوت ہے کہ جب روم میں ہو تو رومن بن کر رہو۔ اسی طرح آپ کرکٹ کھلاڑیوں سے لڑائی کی توقع نہیں کر سکتے۔ اگر کسی کو اس بات پر اعتراض ہے تو پھر بی سی سی آئی سے کہیں کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ نہ کھیلے۔‘

یاد رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد انڈیا نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے دی تھی۔

شیئر: