ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد انڈیا نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے دی ہے۔ جبکہ 77 رنز بنانے والے ایشان کش مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔
اتوار کو سری لنکا کے پریما داسا کرکٹ سٹیڈیم میں انڈیا کے 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 18ویں اوور میں 114 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن بُری طرح ناکام رہی۔ وکٹ کیپر عثمان خان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک انڈین بولرز کا سامنا نہ کر سکا۔ پاکستان کا ٹاپ آرڈر ابتدائی چھ اوورز میں ہی پویلین لوٹ گیا۔
مزید پڑھیں
-
ٹی20 ورلڈ کپ: زمبابوے نے آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دے دیNode ID: 900633
اس سے پہلے انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان نے ہدف کے تعاقب کا مایوس کن آغاز کیا، اننگز کے پہلے اوور میں اوپنر صاحبزادہ فرحان صفر جبکہ دوسرے اوور میں صائم ایوب چھ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد کپتان سلمان علی آغا چار اور بابر اعظم پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ یوں ابتدائی پانچ اوورز میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر ناکام ہو گیا۔
وکٹ کیپر عثمان خان اور شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ رنز نہ بنا سکا۔ عثمان خان 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور چھ چوکے شامل تھے۔ جبکہ شاہین شاہ آفریدی دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ان کے علاوہ شاداب خان 14، محمد نواز چار، فہیم اشرف 10، ابرار احمد اور عثمان طارق بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔
انڈیا کی جانب سے ہاردک پانڈیا، جسپریت بمراہ، اکشر پٹیل اور ورون چکرورتی نے دو، دو جبکہ کُلدیپ یادیو اور تلک ورما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انڈیا کی اننگز
پاکستان کی دعوت پر انڈیا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنر ابھیشیک شرما اور ایشان کشن کریز پر اترے۔ انڈیا کو پہلا نقصان اوپنر ابھیشیک شرما کی صورت میں ہوا، وہ پہلے اوور کی آخری گیند پر بغیر کھاتہ کھولے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کپتان سلمان علی آغا کو کیچ تھما بیٹھے۔
ایشان کشن نے 40 گیندوں پر 77 رنز کی طویل اننگز کھیل کر کر صائم ایوب کا شکار بنے، ان کی اننگز میں چار چھکے اور 10 چھکے بھی شامل تھے۔
تلک ورما 25 اور ہادرک پانڈیا صفر پر پویلین لوٹے، ان دونوں کو صائم ایوب نے آؤٹ کیا۔
اس کے بعد سوریا کمار یادیو 32، شیوم دوبے 27، اکشر پٹیل صفر کے ساتھ آؤٹ ہوئے جبکہ رنکو سنگھ 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے تین جبکہ سلمان آغا، شاہین آفریدی اورعثمان طارق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹی20 ورلڈ کپ کا یہ میچ کئی سارے تنازعات کے بعد شیڈول ہوا تھا۔

بنگلہ دیش کو ٹی20 ورلڈ کپ سے نکالے جانے کے بعد پاکستان نے انڈیا کے خلاف اس میچ سے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا تاہم بعد ازاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی مداخلت کے بعد پاکستان نے میچ کھیلنے کے لیے ہامی بھری۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس مئی میں پاکستان اور انڈیا کی محدود جنگ کے بعد دونوں ممالک کی کشیدگی کھیل کے میدان میں بھی دیکھنے میں آئی ہے۔ انڈین کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ہاتھ ملانے سے گریز کیا جاتا رہا ہے تاہم اس میچ میں بھی ٹاس کے دوران دونوں سکیپرز نے ہاتھ نہیں ملائے۔
اس سے قبل ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں انڈیا اور پاکستان 16 مرتبہ آمنے سامنے آئے ہیں جن میں سے ایک میچ ٹائی اپ ہوا جبکہ صرف تین میچز میں پاکستان نے فتح حاصل کی۔













