Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سُن کر دل دُکھا ہے‘، سابق کرکٹرز کا عمران خان کی صحت سے متعلق خبروں پر ردعمل

عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے تحریک تحفظ آئین پاکستان کا دھرنا بھی جاری ہے (فوٹو: ٹی ٹی اے پی)
سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی صحت کے متعلق پاکستان کے سابق کرکٹرز شعیب اختر، وقار یونس، وسیم اکرم اور شاہد آفریدی نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کی صحت سے متعلق خبروں کے بعد دونوں سابق کرکٹرز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات جاری کیے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وسیم اکرم نے ایکس پوسٹ میں کہا کہ ’یہ سن کر دل دکھا ہے کہ ہمارے کپتان عمران خان صحت کے مسائل سے گزر رہے ہیں۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’متعلقہ حکام اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں گے اور عمران خان کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔‘
انہوں نے عمران خان کے لیے صحت مند زندگی کی دعا بھی کی۔
دوسری جانب شعیب اختر نے بھی اپنی ایکس پوسٹ میں سابق وزیراعظم کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’میں گزشتہ تین ماہ سے امریکہ میں عمران خان کے قائم کردہ شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لیے فنڈز جمع کر رہا تھا۔‘
انہوں نے عمران خان کی آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی خبر پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ انہیں بہترین علاج فراہم کیا جائے گا۔
شعیب اختر نے بھی عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اسی طرح سے سابق کرکٹر شاہد خان آفریدی نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’صحت کی سہولت اُن (عمران خان) کا بنیادی حق ہے۔ میرا ماننا ہے کہ جہاں بھی وہ یا اُن کا خاندان سمجھتا ہے کہ علاج ہونا چاہیے، تو یہ یقیناً اُن کا بنیادی حق ہے اور انہیں یہ سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔‘
سابق کرکٹر وقار یونس نے لکھا کہ ’سیاست کو ایک طرف رکھتے ہوئے، ہمارے قومی ہیرو جنہوں نے ہمیں کھیل کے میدان میں ہماری سب سے بڑی کامیابیاں دلائیں، کینسر ہسپتال قائم کیا جس سے بے شمار لوگوں کو فائدہ ہوا، جن میں میری اپنی والدہ بھی شامل ہیں، اس وقت صحت کی ایک ہنگامی صورتحال سے دوچار ہیں اور فوری علاج کے محتاج ہیں۔ میں متعلقہ حکام سے نہایت عاجزانہ گزارش کرتا ہوں کہ انہیں بروقت اور مناسب علاج فراہم کیا جائے۔‘
مشہور کمنٹیٹر اور سابق کرکٹر رمیض راجہ نے کہا ہے کہ ’عمران خان کو تکلیف میں دیکھنا اور ایک آنکھ کی بینائی کھو دینا انتہائی دل دہلا دینے والا لمحہ ہے۔ مجھے امید ہے کہ انسانیت غالب آئے گی اور ان کی تکلیف کم ہو گی۔‘
سابق کرکٹرز کے پیغامات کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے بھی عمران خان کی صحت کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر جمعرات کو ’فرینڈ آف کورٹ‘ کے طور پر اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد سلمان صفدر ایڈوکیٹ نے عدالت عظمی کو عمران خان کی صحت کے متعلق رپورٹ جمع کروائی تھی۔
اس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ عمران خان کی آنکھ 85 فیصد بینائی ختم ہو گئی ہے۔

شیئر: