ایپل کے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 27 میں نیا کیا ہو گا؟
آئی او ایس 27 میں مصنوعی ذہانت پر زیادہ توجہ دی جائے گی (فوٹو: اے آئی)
آئندہ برس سنہ 2026 میں آنے والا ایپل کا نیا آپریٹنگ سسٹم (او ایس) آئی او ایس 27 اس مرتبہ زیادہ نئے فیچرز کے بجائے مصنوعی ذہانت، سپیڈ، کارکردگی اور سسٹم کی مضبوطی پر توجہ دے گا۔
’ایپل انسائڈر‘ کے مطابق ہر برس ورلڈ وائڈ ڈیولپرز کانفرنس (ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی) میں ایپل اپنے نئے آپریٹنگ سسٹمز پیش کرتا ہے لیکن اس بار امکان ہے کہ آئی او ایس 27 اور میک او ایس 27 میں نمایاں تبدیلیاں کم ہوں گی اور مقصد صرف سسٹم کو بہتر بنانا ہو گا۔
بلومبرگ کے صحافی مارک گورمین کے مطابق ’ایپل اس بار ایسی اپ ڈیٹس لانے والا ہے جو سسٹم کے اندرونی ڈھانچے کو مضبوط کریں گے۔ آئی او ایس 26 اور میک او ایس 26 میں بڑے ڈیزائن تبدیل کیے گئے تھے جبکہ آئی او ایس 27 انہیں مزید بہتر بنانے کے لیے ایک خاموش اور سادہ اپ ڈیٹ ہو گا۔‘
یہ حکمت عملی سنہ 2009 میں جاری ہونے والے ’میک او ایس ایکس لیپارڈ‘ جیسی ہے جب ایپل نے نئے فیچرز لانے کے بجائے بگز ختم کرنے، سافٹ ویئر بہتر کرنے اور سسٹم کو تیز اور مستحکم بنانے پر توجہ دی تھی۔
رپورٹس کے مطابق اس مرتبہ بھی انجینیئرنگ ٹیمیں پرانا کوڈ ختم کر رہی ہیں اور موجودہ فیچرز کو بہتر بنا رہی ہیں تاکہ آنے والی نئی ڈیوائسز کے لیے سسٹم تیار ہو سکے۔
ممکنہ طور پر یہ اپ ڈیٹ مستقبل کے ہارڈویئر جیسے دو سکرینوں والے ’آئی فون فولڈ‘ اور سمارٹ ہوم ڈیوائسز کے لیے بھی بنیاد ثابت ہو گی۔ روبوٹکس کے شعبے میں بھی ایپل آنے والے وقت میں قدم بڑھا سکتا ہے۔
اگرچہ آئی او ایس 27 میں بڑی ظاہری تبدیلیاں متوقع نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود کچھ نئی چیزیں اس میں شامل ہو سکتی ہیں۔
اس سے قبل جیسے پہلے ’سنو لیپرڈ‘ میں نئی ’سفاری‘ اور ’کویک ٹائم‘ شامل کیے گئے تھے اسی طرح آئی او ایس 27 میں ’لیکوڈ گلاس‘ میں مزید بہتری آ سکتی ہے۔
آئی او ایس 26.4 میں ’سری‘ کی بڑی اپ ڈیٹ کے بعد امکان ہے کہ نئے ورژن میں مزید اے آئی فیچرز شامل ہوں گے۔
ان میں ’ہیلتھ پلیس‘ کے لیے صحت پر مبنی اے آئی اسسٹنٹ اور چیٹ بوٹ بھی شامل ہو سکتا ہے جو مستقبل میں ’سری‘ اور دیگر اے آئی فیچرز کو بہتر بنانے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
