Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایپل‘ کا آئی او ایس 26.3 لانچ، کون سے نئے فیچرز شامل ہیں؟

’آئی او ایس 26.3‘ کا سب سے نمایاں فیچر ’ٹرانسفر ٹو اینڈرائیڈ‘ ہے (فوٹو: زیمان)
ٹیکنالوجی کمپنی نے ’ایپل‘ نے اپنے تمام بڑے آپریٹنگ سسٹمز کے تازہ ترین اپڈیٹس جاری کر دی ہیں۔
ان آپڈیٹس میں ’آئی او ایس 26.3‘، ’آئی پیڈ او ایس 26.3‘، ’میک او ایس 26 ٹاہوی‘، ’واچ او ایس‘، ٹی وی او ایس‘ اور ’ویژن او ایس‘ شامل ہیں۔
’اے آر ایس ٹیکنیشیا‘ کے مطابق یہ اپڈیٹس زیادہ تر بگ فکسز اور سکیورٹی پیچز پر مشتمل ہیں تاہم آئی فون صارفین کے لیے کچھ ایسے نئے فیچرز بھی متعارف کرائے گئے ہیں جو ایپل اور نان ایپل ڈیوائسز کے درمیان رابطہ آسان بناتے ہیں۔

 آئی فون سے اینڈرائیڈ پر منتقل ہونا اب آسان

’آئی او ایس 26.3‘ کا سب سے نمایاں فیچر ’ٹرانسفر ٹو اینڈرائیڈ‘ ہے جس کے ذریعے صارفین آئی فون سے اینڈرائیڈ ڈیوائس پر اپنا ڈیٹا منتقل کر سکیں گے۔
ایپل کے مطابق اس فیچر کے تحت تصاویر، پیغامات، نوٹس، ایپس اور دیگر مواد کے ساتھ فون نمبر بھی منتقل کیا جا سکے گا۔ تاہم بلوٹوتھ پیئرنگ کی معلومات اور ہیلتھ ایپ کا حساس ڈیٹا منتقل نہیں ہوگا۔
یہ سہولت ایپل کے ’ایپ مائیگرینٹ کٹ‘ فریم ورک سے منسلک ہے جسے ’آئی او ایس 26.1‘ میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اس کے ذریعے ایپس اپنا ڈیٹا دوسرے ڈیوائسز پر منتقل یا کلاؤڈ سے ڈاؤن لوڈ کر سکتی ہیں۔ البتہ یہ فیچر صرف ایپل سے نان ایپل ڈیوائس کی جانب منتقلی کے لیے ہے کیونکہ آئی فون سے آئی فون پر ڈیٹا منتقل کرنے کے لیے پہلے ہی مختلف سسٹمز موجود ہیں۔
اینڈرائیڈ کی جانب سے بھی متعلقہ سپورٹ ضروری ہوگی۔ گوگل نے حال ہی میں اینڈرائیڈ 16 کے ’کیو آر پی ٹو‘ اپڈیٹ میں ڈیٹا ٹرانسفر اے پی آئی شامل کی ہے لیکن مختلف اینڈرائیڈ کمپنیوں تک اس اپڈیٹ کی رسائی میں وقت لگ سکتا ہے۔

نوٹیفکیشن فارورڈنگ کی سہولت

’آئی او ایس 26.3‘ میں ایک اور اہم اضافہ ’نوٹیفکیشن فارورڈنگ‘ فیچر ہے جس کے ذریعے آئی فون کی نوٹیفکیشنز تھرڈ پارٹی ڈیوائسز، مثلاً گوگل کے ویئر او ایس سمارٹ واچز پر بھی بھیجی جا سکیں گی۔

نئی اپڈیٹ میں صارفین منتخب کر سکیں گے کہ کون سی ایپس کی نوٹیفکیشنز آگے بھیجی جائیں (فوٹو: سی نیٹ)

صارفین منتخب کر سکیں گے کہ کون سی ایپس کی نوٹیفکیشنز آگے بھیجی جائیں۔ البتہ ایک وقت میں صرف ایک ڈیوائس کو نوٹیفکیشن فارورڈ کی جا سکیں گی۔ یعنی اگر نوٹیفکیشن کسی تھرڈ پارٹی واچ کو بھیجی جا رہی ہو تو وہ ایپل واچ پر نہیں جائیں گی۔ امکان ہے کہ یہ فیچر یورپی یونین کے قواعد کے تحت متعارف کرایا گیا ہو۔

لوکیشن پرائیویسی میں بہتری

کچھ نئے آئی فون اور آئی پیڈ ماڈلز میں ’لمٹ پریسائز لوکیشن‘ کا نیا آپشن شامل کیا گیا ہے جو سیلولر نیٹ ورکس کو دی جانے والی لوکیشن کی درستگی کو کم کر کے پرائیویسی بہتر بناتا ہے۔
یہ فیچر فی الحال محدود ڈیوائسز اور نیٹ ورکس تک دستیاب ہے جن میں امریکہ میں بوسٹ موبائل شامل ہے۔ صرف آئی فون ایئر، آئی فون 16ای اور ایم فائیو آئی پیڈ پرو اس سہولت کو سپورٹ کریں گے۔

دیگر اپڈیٹس اور مستقبل کی پیش رفت

’واچ او ایس‘، ’میک او ایس‘ اور دیگر سسٹمز کی 26.3 اپڈیٹس بنیادی طور پر کارکردگی بہتر بنانے اور خامیاں دور کرنے تک محدود ہیں۔

ماہرین کے مطابق آئندہ ’آئی او ایس 26.4‘ اپڈیٹ زیادہ اہم ثابت ہو سکتی ہے (فوٹو: سی نیٹ)

البتہ بیٹا ورژنز میں ایم فائیو میکس اور ایم فائیو الٹرا چپس کی سپورٹ کے آثار ملے ہیں، جو ممکنہ طور پر نئے میک کمپیوٹرز کی تیاری کا اشارہ ہیں۔
ماہرین کے مطابق آئندہ ’آئی او ایس 26.4‘ اپڈیٹ زیادہ اہم ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ اس میں ایپل کی ’مزید ذہین سری‘ شامل کیے جانے کی توقع ہے۔ جنوری میں ایپل اور گوگل نے اعلان کیا تھا کہ نئی سری گوگل کے جیمنی لینگویج ماڈلز پر مبنی ہوگی، جو اسے پہلے سے زیادہ سمارٹ اور مؤثر بنائے گی۔
یوں ’آئی او ایس 26.3‘ اگرچہ بڑی تبدیلیوں کے بغیر آیا ہے لیکن اس کے ذریعے ایپل نے اپنی ڈیوائسز کو دیگر پلیٹ فارمز کے ساتھ زیادہ ہم آہنگ بنانے کی جانب اہم قدم اٹھایا ہے۔

شیئر: