Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ نے کئی ملازمین کو برطرف کر دیا

ایپل کے مطابق برطرف کیے گئے ملازمین نئی اسامیوں کے لیے اپلائی کر سکیں گے (فائل فوٹو: روئٹرز)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے سیلز ڈیپارٹمنٹ میں محدود پیمانے پر ملازمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایپل کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صارفین سے روابط کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے جبکہ صرف چند اسامیاں اس فیصلے سے متاثر ہوں گی۔
ایپل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’کمپنی میں بھرتیوں کا عمل جاری رہے گا اور جن ملازمین کی پوزیشنیں ختم کی جا رہی ہیں انہیں کمپنی کے اندر نئی اسامیوں کے لیے درخواست دینے کا موقع دیا جائے گا۔‘
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق برطرفیوں سے اُن اکاؤنٹ مینیجرز سمیت وہ سٹاف بھی متاثر ہوا ہے جو بڑی کارپوریشنز، سرکاری محکموں اور تعلیمی اداروں کو خدمات فراہم کر رہے تھے۔ اسی طرح وہ ملازمین بھی اس فہرست کا حصہ ہیں جو ادارہ جاتی بریفنگ سینٹرز میں اعلٰی سطحی ملاقاتوں اور مصنوعات کی پیش کش یا مارکیٹنگ کی ذمہ داری سنبھالتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق زیادہ اثر ایک ایسے سیلز گروپ پر پڑا ہے جو امریکی محکمہ دفاع، محکمہ انصاف اور دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ کام کر رہا تھا۔ یہ ٹیم پہلے ہی 43 روزہ حکومتی شٹ ڈاؤن اور محکمہ گورنمنٹ ایفیشنسی (ڈی او جی ای) کی جانب سے بجٹ میں کٹوتیوں کے باعث دباؤ میں تھی۔
گذشتہ چند ہفتوں کے دوران ’ویریزون‘، ’سینوپسس‘ اور ’آئی بی ایم‘ سمیت کئی بڑی ٹیک کمپنیاں بھی ملازمتوں میں کمی کا اعلان کر چکی ہیں جو انڈسٹری میں بڑھتی معاشی دباؤ اور لاگت میں کمی کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔

شیئر: