Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپل کا سب سے سستا ’آئی فون 17ای‘ کب لانچ ہو گا؟

’آئی فون 17ای‘ رواں ماہ کی 19 تاریخ کو ممکنہ طور پر متعارف کرایا جا سکتا ہے (فوٹو: ڈیجیٹل ٹرینڈز)
معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل سنہ 2026 کے آغاز میں اپنی نئی مصنوعات کی بھرمار کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل آئندہ دو ماہ کے دوران نئے ’آئی فونز‘، ’آئی پیڈز‘ اور ’میک کمپیوٹرز‘ متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس کے ساتھ ہی ایپل کی طویل عرصے سے زیرِ التوا مصنوعی ذہانت پر مبنی سروسز جن کو ’ایپل انٹیلیجنس‘ کا نام دیا گیا ہے، بھی سامنے آنے کا امکان ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے  فروری کے اواخر یہ سامنے آ سکتی ہیں ان میں ایک نیا انٹیلیجنس ٹول ’سری‘ بھی شامل ہو گا۔
’ایپل‘ نے تاحال باضابطہ طور پر ان کی لانچنگ کا اعلان نہیں کیا ہے تاہم اشارے مل رہے ہیں کہ یہ تمام مصنوعات کسی بڑے ایونٹ کے بجائے پریس ریلیز کے ذریعے خاموشی سے لانچ کی جائیں گی۔

’آئی فون 17ای‘

’ایپل‘ کا نیا اور سستا سمارٹ فون ’آئی فون 17ای‘ رواں ماہ کی 19 تاریخ کو ممکنہ طور پر متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
یہ فون ’ایپل‘ کے فلیگ شپ ’آئی فون 17 سیریز‘ والی A19 چپ کا حامل ہو گا جو اسے اب تک کا سب سے طاقتور بجٹ آئی فون بنا دے گا۔
رپورٹس کے مطابق ’آئی فون 17ای‘ میں پہلی بار میگ سیف چارجنگ شامل کی جائے گی جبکہ اس میں نیا ’سی ون ایکس‘ موڈیم اور ’این ون‘ کنیکٹیوٹی چپ بھی دی جائے گی جو وائی فائی، بلیوٹوتھ اور تھریڈ سپورٹ فراہم کرے گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فون کی ابتدائی قیمت 599 ڈالر (ایک لاکھ 66 ہزار 992) ہی رہنے کا امکان ہے جو ایپل کی جانب سے ’اسی قیمت میں زیادہ سہولت‘ کی ایک نایاب مثال ہو گی۔ ’ایپل‘ خاص طور پر ابھرتی ہوئی مارکیٹس اور کاروباری صارفین کو ہدف بنائے گا۔

مارچ میں نئے میک بکس

مارچ کا مہینہ ’ایپل‘ کے لیپ ٹاپ ’میک بُک‘ کے صارفین کے نام رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق ’ایپل‘ دو مارچ کو ’ایم فائیو پرو‘ اور ’ایم فائیو میکس‘ چپس کے ساتھ نئے ’میک بُک پرو‘ ماڈلز متعارف کرا سکتا ہے۔ نئے لیپ ٹاپس کی لانچنگ ایپل کے آپریٹنگ سسٹم ’میک ان ٹاس 26.3‘ کی لانچنگ کے ساتھ متوقع ہے۔

’آئی فون 17ای‘ کی قیمت قیمت 599 ڈالر (ایک لاکھ 66 ہزار 992) رہنے کا امکان ہے (فوٹو: آئی فون ٹریکر)

اسی طرح نئے میک سٹوڈیو، میک منی اور ایک نیا سٹوڈیو ڈسپلے بھی متوقع ہیں جبکہ ایک کم قیمت میک بک کی افواہیں بھی سامنے آ رہی ہیں، جو آئی فون چپ پر چل سکتا ہے اور تعلیمی شعبے کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا۔

آئی پیڈ اور آئی پیڈ ایئر

’ایپل‘ جلد ہی نئے ’آئی پیڈ‘ اور ’آئی پیڈ ایئر‘ ماڈلز بھی پیش کرے گا۔ 12ویں جنریشن آئی پیڈ میں ’اے 18‘ چپ دیے جانے کا امکان ہے جبکہ آٹھویں جنریشن کے آئی پیڈ ایئر میں ایم فور چپ شامل کی جا سکتی ہے۔
اسی طرح ’آئی پیڈ منی‘ واحد ماڈل ہو سکتا ہے جس میں ظاہری ڈیزائن میں واضح تبدیلی آئے گی کیونکہ ایپل اس میں او لیڈ ڈسپلے متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔

زیادہ ذہین سری

’ایپل‘ کا وائس اسسٹنٹ ’سری‘ بھی بالآخر مصنوعی ذہانت کے دور میں داخل ہو رہا ہے۔
آئی او ایس 26.4 کے پہلے بیٹا ورژن کے ساتھ ایک نئی اور زیادہ طاقت ور سری سامنے آئے گا جو قدرتی گفتگو، بہتر سیاق و سباق کی سمجھ اور چیٹ بوٹ جیسا تجربہ فراہم کرے گا۔

شیئر: