انڈین ایئر لائنز نے مشرقِ وسطیٰ کے لیے محدود پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تاکہ جنگ کے باعث پھنسے ہوئے ہزاروں مسافروں کو واپس لایا جا سکے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق لاکھوں جنوبی ایشیائی شہری مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک میں رہتے اور وہاں ملازمت کرتے ہیں جو مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال کی وجہ سے پھنس چکے ہیں۔
اسی تناظر میں انڈیگو نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے شہر جدہ کے لیے چار ریٹرن پروازیں چلائے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان فلائٹس کو بتدریج معمول پر لایا جا سکے۔
اسی طرح ایئر انڈیا ایکسپریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ منگل سے عمان کے دارالحکومت مسقط کے لیے اپنی پروازیں بحال کرے گی جبکہ کم بجٹ کی اکاسا ایئرلائن نے بھی جدہ کے لیے چند منتخب پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم بحرین، کویت، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے لیے عمومی پروازیں تاحال معطل رہیں گی، ایئرلائنز کے مطابق ’مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔‘
انڈیا کے وزیرِ اعظمنریندر مودی نے مشرقِ وسطیٰ کے کئی رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے، جن میں بحرین، سعودی عرب اور اردن کے قائدین شامل ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات میں ان ممالک کا شکریہ ادا کیا کہ وہ انڈین کمیونٹی کا خیال رکھ رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ حملوں میں جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے کئی شہری ہلاک ہوئے ہیں، جن میں ابوظبی میں ایک نیپالی شہری اور بحرین و متحدہ عرب امارات میں دو بنگلہ دیشی شہری شامل ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق عمان کے ساحل کے قریب ایک انڈین شہری بھی ہلاک ہوا۔
وزیرِ اعظم مودی نے پیر کو اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو سے بھی بات کی، جس میں انہوں نے حالیہ صورت حال پر انڈین کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا اور شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا۔