’علاقائی استحکام کو خطرہ‘ سعودی عرب، امریکہ اور خلیجی ملکوں کی ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ حملوں سے شہری آبادی کو خطرے میں ڈالا گیا ( فوٹو: روئٹرز)
سعودی عرب، امریکہ اور ریجنل پارٹنرز نے ایران کے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’خطرناک کشیدگی‘ قرار دیا جس سے علاقائی استحکام کو خطرہ ہے۔
مشترکہ بیان میں سعودی عرب، امریکہ متحدہ عرب امارات، بحرین، اردن، کویت، قطر نے خطے میں خود مختار ریاستوں کے خلاف بلا امتیاز اورغیر ذمہ دارانہ حملوں کی مذمت کی۔
عرب نیوز کے مطابق ان حملوں میں متعدد ملکوں کو نشانہ بنایا گیا۔ شہری آبادی کو خطرے میں ڈالا گیا اور سویلین انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔
ایران کے اقدامات ایک خطرناک کشیدگی کو ہوا دیتے ہیں جو متعدد ریاستوں کی خودمختاری،علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی اور علاقائی استحکام کو خطرے سے دوچار کرتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’شہریوں اور ان ملکوں کو نشانہ بنانا غیر ذمہ دارانہ اورعدم استحکام کا باعث ہے۔‘
ان ملکوں نے اپنے شہریوں، سرزمین اور خود مختاری کے دفاع میں مکمل اتحاد کا عزم ظاہر کیا اور ان حملوں کے خلاف اپنے دفاع کے حق کی توثیق کی۔
مشترکہ بیان میں علاقائی سلامتی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شراکت داروں کےدرمیان موثر فضائی اور میزائل دفاعی تعاون کو سراہا جس کے باعث ممکنہ طور پر کہیں زیادہ جانی و مالی نقصان کو روکا جا سکا۔