ایپل کی ایم فائیو چِپ کے ساتھ نئے میک بکس متعارف، قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوا؟
ایپل کی ایم فائیو چِپ کے ساتھ نئے میک بکس متعارف، قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوا؟
بدھ 4 مارچ 2026 13:45
کمپنی کے مطابق پری آرڈر 4 مارچ سے شروع ہوں گے اور فروخت کا آغاز 11 مارچ سے کیا جائے گا۔ تصویر: اے ایف پی
امریکی کمپنی ایپل نے اپنے مقبول لیپ ٹاپ میک بک ایئر اور میک بک پرو کا نیا ماڈل متعارف کرا دیا ہے جو نئی ایم فائیو چِپ کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ چِپ پہلے سے زیادہ تیز رفتار مرکزی پراسیسر، نئی جنریشن کا گرافکس نظام اور نیورل ایکسیلیریٹر فراہم کرتی ہے، جس سے مصنوعی ذہانت سے متعلق کام پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے اور موثرطور پر انجام دیے جا سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق میک بک ایئر کا نیا ماڈل 13 انچ اور 15 انچ سائز میں دستیاب ہو گا جبکہ یہ سکائی بلیو، مڈنائٹ، سٹار لائٹ اور سلور رنگوں میں ملے گا۔
اس کے پری آرڈ چار مارچ سے شروع ہوں گے اور فروخت کا آغاز 11 مارچ سے کیا جائے گا۔
نیا میک بک ایئر تخلیقی کاموں، ویڈیو ایڈیٹنگ، ڈیزائننگ اور پیچیدہ اے آئی ٹاسکس سمیت روزمرہ کے دفتری اور تعلیمی امور کے حوالے سے بہتر کارکردگی فراہم کرتا ہے۔
اس میں اب 512 گیگا بائٹ تیز رفتار ایس ایس ڈی سٹوریج دی گئی ہے، جو پہلے کے مقابلے میں دو گنا ہے۔ جبکہ اسے چار ٹیرا بائٹ تک بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔
لیپ ٹاپ میں ایپل کا نئی این ون وائرلیس چِپ بھی شامل ہے، جو وائی فائی سیون اور بلو ٹوتھ سکس کو سپورٹ کرتی ہے جس سے انٹرنیٹ بھی مستحکم طور پر چلتا ہے اور دیگر ڈیوائسز کے ساتھ لنک کرنے کا تجربہ بھی زیادہ بہتر ہو گا۔
ڈیزائن کے لحاظ سے اس کو باریک، ہلکے اور مضبوط ایلومینیم باڈی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
اس میں لیکوئڈ ریٹینا ڈسپلے، 12 میگا پکسل سینٹر سٹیج کیمرہ، 18 گھنٹے تک بیٹری لائف، سپیشل آڈیو سپورٹ اور دو تھنڈربولٹ فور پورٹس شامل ہیں، جو بیک وقت دو بیرونی ڈسپلے سے منسلک ہو سکتے ہیں۔
ایپل کے سینیئر نائب صدر برائے ہارڈویئر انجینیئرنگ جان ٹرنس کا کہنا ہے کہ ایم فائیو کے ساتھ نیا میک بک ایئر دنیا کے مقبول ترین لیپ ٹاپ میں غیر معمولی کارکردگی اور مزید صلاحیتیں لے کر آیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ماڈل روزمرہ کے کاموں سے لے کر تخلیقی ورک لوڈ تک تیزی سے کام کرتا ہے اور مصنوعی ذہانت کے لیے پہلے سے زیادہ مؤثر ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ ماڈلز ایم 1 کے مقابلے میں آٹھ گنا تک تیز ہیں۔ تصویر: ایپل
دوسری جانب کمپنی نے 14 انچ اور 16 انچ کے نئے میک بک پرو ماڈلز بھی متعارف کرائے ہیں، جن میں ایم 5 پرو اور ایم 5 میکس چِپس شامل ہیں۔
میک بک پرو میں اب پہلے سے دوگنی رفتار کی ایس ایس ڈی دی گئی ہے۔ ایم 5 پرو ماڈل ایک ٹیرا بائٹ سٹوریج سے شروع ہوتا ہے جبکہ ایم 5 میکس ماڈل دو ٹیرا بائٹ سے دستیاب ہے۔ ان لیپ ٹاپس میں بھی این 1 وائرلیس چِپ شامل ہے اور یہ سپیس بلیک اور سلور رنگوں میں دستیاب ہوں گے۔ پری آرڈرز چار مارچ سے جبکہ شپنگ 11 مارچ سے شروع ہو گی۔
ایپل نے اس کے ساتھ نئی ڈسپلے لائن اپ بھی متعارف کرائی ہے۔
نیا سٹوڈیو ڈسپلے 12 میگا پکسل سینٹر سٹیج کیمرے کے ساتھ پیش کیا گیا ہے جس میں بہتر تصویر معیار اور ڈیسک ویو سپورٹ شامل ہے۔
نئے ایم فائیو میک بکس کی قیمتیں
ایپل نے میک بک ایئر کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ 13 انچ ماڈل اب 999 ڈالر کے بجائے 1,099 ڈالر سے شروع ہوگا جبکہ 15 انچ ماڈل کی ابتدائی قیمت 1,299 ڈالر کر دی گئی ہے جو پہلے 1,199 ڈالر تھی۔ اس کے ساتھ ہی ایپل نے بیس سٹوریج بڑھا کر 512 جی بی کر دی ہے۔
میک بک پرو بھی مہنگا کر دیا گیا ہے۔ 14 انچ ایم 5 پرو ماڈل اب 2,199 ڈالر سے شروع ہوگا جبکہ 16 انچ ایم 5 میکس ماڈل کی ابتدائی قیمت 3,899 ڈالر مقرر کی گئی ہے جو گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں 400 ڈالر زیادہ ہے۔
زیادہ قیمت کو جواز دینے کے لیے ایپل نے پرو سیریز میں ابتدائی سٹوریج بھی بڑھا دی ہے۔ اب ایم 5 پرو ماڈلز 1 ٹی بی سٹوریج سے شروع ہوں گے جبکہ ایم 5 میکس ماڈلز میں ابتدائی سٹوریج 2 ٹی بی کر دی گئی ہے۔