سکیورٹی صورتِ حال، پاکستان میں امریکی سفارت خانے اور قونصل خانوں کی سروسز معطل
موجودہ سکیورٹی صورت حال کے تناظر میں پاکستان میں امریکی سفارت خانے اور لاہور و کراچی کے قونصل خانوں نے اپنی سروسز جمعہ چھ مارچ تک معطل کردی ہیں۔
ترجمان امریکی سفارت خانے نے منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ فیصلہ سکیورٹی صورت حال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔‘
’اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے اور لاہور و کراچی کے قونصل خانوں میں ویزہ اپوائنٹمنٹس اور امریکی شہری خدمات جیسے پاسپورٹ وغیرہ کی تمام معمول کی سروسز روک دی گئی ہیں۔‘
ترجمان امریکی سفارت خانے کا مزید کہنا ہے کہ ’نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔‘
یاد رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی امریکی اور اسرائیلی حملے میں مارے جانے کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔
کراچی میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان اس وقت شدید جھڑپیں ہوئیں جب مظاہرین امریکی قونصل خانے کی بیرونی دیوار توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق احتجاج کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں نو افراد ہلاک ہوئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے ریڈ زون کی طرف جانے والے تمام راستے، جہاں سفارتی مشنز اور پارلیمنٹ واقع ہیں، ٹریفک اور عوامی نقل و حرکت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیے۔
مظاہرین کی جانب سے اسلام آباد کے ریڈزون میں داخلے کی کوشش کے دوران پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔
