Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی قونصل خانے میں گُھسنے والے مظاہرین پر فائرنگ امریکہ کے مرینز نے کی: امریکی حکام

دو امریکی سرکاری عہدیداروں نے کہا ہے کہ اتوار کو کراچی میں قائم امریکی قونصل خانے میں گھسنے والے مظاہرین پر امریکہ کے فوجی اہلکاروں (مرینز) نے فائرنگ کی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس واقعے میں 10 افراد اس وقت گولیوں کا نشانہ بنے تھے جب ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کرنے والوں نے کمپاؤنڈ کی بیرونی دیوار کو توڑا۔
امریکی عہدیداروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا مرینز کی جانب سے چلائی گئی گولیاں کسی کو لگیں اور یا ان کی وجہ سے کوئی ہلاکت ہوئی جبکہ ان کو یہ بھی معلوم نہیں کہ آیا مشن کی حفاظت کرنے والے دوسرے لوگوں یعنی سکیورٹی گارڈ یا پولیس اہلکاروں نے بھی فائرنگ کی۔
صوبائی حکومت کے ترجمان سکھدیو اسرداس ہیمنائی کا کہنا ہے کہ ’سکیورٹی‘ اہلکاروں نے اپنی وابستگی کے حوالے سے وضاحت کیے بغیر فائرنگ کی۔
امریکہ کے سفارتی مشنز کے حفاظتی امور اکثر نجی کنٹریکٹرز اور مقامی فورسز کے پاس ہوتے ہیں اور اس واقعے میں مرینز کی شمولیت اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ قونصل خانے کی جانب سے اس خطرے کو کس قدر سنجیدگی سے دیکھا گیا۔
ایرانی رہنما کی ہلاکت کے خلاف مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں 26 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں۔
اتوار کو مظاہرین نے قونصل خانے کے باہر ’امریکہ مردہ باد‘ کے نعرے لگائے، اس موقع پر موجود روئٹرز کے نمائندوں نے گولیاں چلنے کی آوازیں سنیں اور قریبی گلیوں میں آنسو گیس کے شیل بھی چلائے گئے۔
واقعے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں کم سے کم ایک شخص کو قونصل خانے کی طرف فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور اس کے بعد خون آلود مظاہرین فرار ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی ہلاکت کے خلاف ملک میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے جن میں 26 ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

کراچی پولیس کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ گولیاں قونصل خانے کے احاطے کے اندر سے چلائی گئیں۔
امریکی مرینز نے واقعے سے متعلق تفصیل اور سوالات کے جواب اپنی فوج کو بھجوا دیے ہیں جن کو آگے محکمہ خارجہ کو بھجوا دیا گیا ہے۔
محکمہ خارجہ نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
امریکی کا سفارت خانہ دارالحکومت اسلام آباد میں موجود ہے جبکہ کراچی، لاہور اور پشاور میں امریکہ کے اضافی قونصل خانے بھی موجود ہیں۔
کراچی میں امریکی قونصل خانے کی طرف جانے والی سڑکوں کو بند کر دیا گیا تھا اور وہاں پولیس کی بھاری نفری موجود ہے جبکہ ایسے ہی اقدامات اسلام آباد اور لاہور میں بھی امریکی مشنز کے اردگرد کے مقامات پر کیے گئے ہیں۔

 

شیئر: