پاکستان کی سعودی عرب پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت، غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
پاکستان کی حکومت نے ایران کی جانب سعودی عرب کے مشرقی خطے میں تنصیبات میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے پیر کو اپنے بیان میں کہا کہ ’گزشتہ رات اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے مملکتِ سعودی عرب کے مشرقی خطے میں توانائی کی تنصیبات پر کیے جانے والے میزائل اور ڈرون حملوں پر گہری تشویش اور غیر مبہم مذمت کا اظہار کیا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’پاکستان ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کرتا ہے اور اہم انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کی شدید مذمت کرتا ہے۔‘
’حکومتِ پاکستان متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور اس مشکل گھڑی میں مملکتِ سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے مضبوطی سے کھڑی ہے۔‘
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ’حکومتِ پاکستان ان حملوں کو سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی اور ایک خطرناک اشتعال انگیزی سمجھتی ہے جو علاقائی امن اور استحکام کو نقصان پہنچاتی ہے۔‘
’پاکستان مملکت کی سیکیورٹی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔‘
