سعودی عرب کی امارات میں نیوکلیئر پاور پلانٹ کے قریب ڈرون حملے کی مذمت
بیان میں کہا گیا یہ خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس کے تنیجے میں براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے باہر آگ لگ گئی۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’سعودی عرب ان صریح حملوں کو مسترد کرتا ہے جو خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔‘
بیان میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، اس کی سلامتی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کےلیے کیے جانے والے تمام اقدامات کی سپورٹ کا اعادہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ ابوظبی میڈیا آفس سے جاری بیان میں کہا گیا تھا ’الظفرہ ریجن میں واقع براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے اندرونی حفاظتی حصار سے باہر ایک برقی جنریٹر میں لگنے والی آگ پر فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔‘
’ ڈرون حملے کے نتیجے میں آگ بھڑکی، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا اور نہ ہی تابکاری تحفظ کی سطح متاثر ہوئی۔‘
فیڈرل اتھارٹی برائے نیوکلیئر ریگولیشن نے تصدیق کی کہ’ واقعے سے نیوکلیئر پاور پلانٹ کی سلامتی یا اس کے اہم نظاموں کی تیاری متاثر نہیں ہوئی، پلانٹ کے تمام یونٹس معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔‘
اقوام متحدہ کے نگران ادارے نے بھی ابوظبی کے مضافاتی علاقے میں جوہری پاور پلانٹ کے قریب ڈرون حملے پر ’گہری تشویش‘ کا اظہار کیا ہے۔
