Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رواں ہفتے نظر آنے والا ’ارتھ شائن‘ کیا ہے اور اس دوران چاند کیسا دکھائی دیتا ہے؟

ماہرین کے مطابق ارتھ شائن ہر قمری چکر میں دو مرتبہ دیکھا جا سکتا ہے۔ (فوٹو:اے ایف پی)
چاند عام طور پر فل مون یا چاند گرہن کے وقت لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتا ہے، تاہم سال میں چند مواقع ایسے بھی آتے ہیں جب نیا چاند ایک منفرد اور دلکش مناظر پیش کرتا ہے، جسے ’ارتھ شائن‘ کہا جاتا ہے۔
ویب سائٹ سی نیٹ کے مطابق اس بارے میں ماہرین کہتے ہیں کہ ارتھ شائن ایک ایسا فلکیاتی مظہر ہے جس میں چاند مکمل طور پر نظر تو آتا ہے لیکن اس کی روشنی عام چاند کے مقابلے میں بہت مدھم اور دھندلی ہو جاتی ہے۔
یہ منظر اس وقت بنتا ہے جب سورج کی روشنی پہلے زمین سے ٹکرا کر چاند تک پہنچتی ہے اور پھر وہاں سے واپس زمین کی طرف منعکس ہوتی ہے۔
اسی وجہ سے چاند کچھ پراسرار سا دکھائی دیتا ہے اور اس کی روشنی کافی حد تک مدھم ہو جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق ارتھ شائن عام طور پر اپریل، مئی اور جون کے مہینوں میں نئے چاند سے چند روز پہلے اور بعد میں دیکھا جا سکتا ہے۔
امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق اس دوران زمین اور چاند کے مدار ایک خاص زاویے پر آ جاتے ہیں، جس کے باعث سورج کی روشنی زمین سے ٹکرا کر چاند تک پہنچتی ہے اور پھر واپس زمین پر دکھائی دیتی ہے۔
ایڈلر پلانیٹوریم سے تعلق رکھنے والے ماہر فلکیات مائیکل زیون کے مطابق بہار کے موسم میں زمین کی ’البیڈو‘ یعنی روشنی ریفلیکٹ کرنے کی صلاحیت زیادہ ہو جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شمالی نصف کرہ میں بہار کے دوران برف اور گلیشیئرز اب بھی موجود ہوتے ہیں، جو پانی یا سبزہ زار کے مقابلے میں زیادہ روشنی ریفلیکٹ کرتے ہیں۔
اسی اضافی روشنی کے باعث چاند پر ارتھ شائن کا منظر زیادہ واضح دکھائی دیتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ارتھ شائن دیکھنے کا بہترین وقت سورج نکلنے سے کچھ دیر پہلے کا ہوتا ہے۔(فوٹو:ناسا)

ماہرین کے مطابق یہ مظہر ہر قمری چکر میں دو مرتبہ دیکھا جا سکتا ہے، یعنی نئے چاند سے پہلے اور بعد میں بھی۔ چونکہ نیا چاند ہفتے کے روز تھا، اس لیے ارتھ شائن دیکھنے کے لیے پیر سے بدھ تک کے دن بہترین سمجھے جا رہے ہیں۔
ارتھ شائن دیکھنے کے لیے کسی خاص دوربین یا آلات کی ضرورت نہیں ہوتی، تاہم اس کے لیے درست وقت اہم ہوتا ہے۔
یہ منظر طلوعِ آفتاب اور غروبِ آفتاب سے تقریباً 45 منٹ پہلے یا بعد تک دیکھا جا سکتا ہے، یعنی روزانہ تقریباً 90 منٹ کا وقت اس مشاہدے کے لیے موزوں ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ارتھ شائن دیکھنے کا بہترین وقت سورج نکلنے سے کچھ دیر پہلے کا ہوتا ہے۔
اگر آپ اس ہفتے یہ منظر نہ دیکھ سکیں تو 11 سے 13 جون اور 17 سے 19 جون کے دوران بھی ارتھ شائن دیکھنے کا موقع ملے گا۔

شیئر: