حجاج کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولت دینے کے لیے مشاعر مقدسہ میٹرو منصوبے کا آغاز
میٹرو پروجیکٹ، پانچ مخصوص آپریشنل مراحل کے تحت کام کرے گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ریلوے کمپنی ( سار) نے اپنی بھر پور تیاری کا اعلان کرتے ہوئے المشاعرالمقدسہ میٹرو منصوبے کا آغاز کر دیا ہے جو حج سیزن میں حجاج کی خدمت کے لیے ہمہ وقت وقف رہےگا۔
اس اعلان سے واضح ہوتا ہے کہ ذرائع نقل و حمل کا پورا شعبہ حجاج کرام کو ٹرانسپورٹ کی محفوظ اور قابلِ بھروسہ سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
سعودی ریلوے نے متعلقہ سکیورٹی اداروں اور دیگر ایجنسوں کے ساتھ قریبی تعاون کرتے ہوئے اپنی تیاریاں مکمل کی ہیں۔
حج سیزن کے محفوظ اور اعلٰی کارکردگی پر مبنی آغاز کی ضمانت کے طور پر، تین ایسی فرضی مشقیں کی گئیں جن میں ہجوم کو ویسے ہی عروج پر فرض کیا گیا تھا جیسے حج کے انتہائی اہم اور مصروف ترین لمحات میں ہوتا ہے۔
اِن مشقوں کا مقصد ہجوم کے بارے میں ممکنہ حتمی حد تک درست اندازہ لگانا اور کنٹرول، ٹرینوں اور سٹیشنز کو سخت معیار پر پرکھنا تھا۔
المشاعرالمقدسہ میٹرو پروجیکٹ، پانچ مخصوص آپریشنل مراحل کے تحت کام کرے گا، جنھیں خاص طور پر حجاجِ کرام کی نقل و حرکت کو آسان بنانے اور مناسک کی ترتیب کے تحت مقدس مقامات پر لانے اور لے جانے کے تیار کیا گیا ہے۔
عازمینِ حج کے لیے فراہم کیے جانے والے ٹرانسپورٹ نظام کی بنیاد کے طور پر، میٹرو نیٹ ورک کے نو سٹیشنوں کو مشاعرِ مقدسہ کے درمیان قائم کیا کیا گیا ہے جن میں میدانِ عرفات، مزدلفہ اور منٰی جیسے مقامات شامل ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ منٰی کا آخری سٹیشن، جمرات کے پُل کی چوتھی منزل تک پھیلا ہوا ہے جس سے ہجوم کے بہاؤ کو محفوظ اور بِلا تعطل بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
انتہائی باریک بینی پر مبنی دیکھ بھال اور نگہداشت کے ذریعے جس میں تمام سہولتوں کو ٹیسٹ کیا گیا، سعودی ریلوے نے کوالٹی اور حفاظت کے عالمی معیار پر سختی سے عمل کیا ہے۔
میٹرو کے اِس منصوبے میں ٹرین کے سترہ ڈبے ہوں گے، جن میں سے ہر ایک میں تین ہزار مسافروں کی گنجائش ہے۔ یوں، میٹرو کی مسافروں کو اُن کی منزلِ مقصود تک پہنچانے کی فی گھنٹہ صلاحیت 72000 تک پہنچ جاتی ہے۔
حج سیزن کے دوران میٹرو منصوبے کے تحت ٹرینوں کے کل چکروں کی تعداد 2000 کے قریب ہوگی۔ یوں اس منصوبے سے انتہائی درست آپریشنل فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے، میٹرو کے ذریعے بیس لاکھ مسافر ایک سے دوسرے مقام تک لائے یا لے جائے جا سکیں گے جس سے ہجوم کو بہتر انداز میں منظم کرنا آسان ہو جائےگا۔
المشاعر المقدسہ میٹرو پروجیکٹ، مملکت کی طرف سے کی جانے والی مربوط کوشششوں کا ایک بنیادی حصہ ہے جسے ایسے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ حجاجِ کرام کے لیے آسانیاں مہیا رہیں اور انھیں بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔
ٹرانسپورٹ کا ایک ایسا مؤثر اور قابلِ اعتماد حل پیش کر کے جس سے رش میں نمایاں کمی ہوگی اور حفاظت کا انتظام بہتر ہوگا، میٹرو منصوبہ براہِ راست پِلگِرم ایکپیریئنس پروگرام‘ اور ’سعودی وژن 2030 ‘ کے سٹریٹیجک اہداف میں تعاون فراہم کر رہا ہے اور حجاج کے لیے مناسکِ حج کی ادائیگی میں ایسی سہولتیں دے رہا ہے جو ان کے ذہنی اطمینان کا باعث بن رہی ہیں اور جن کی اس سے پہلے کوئی دوسری مثال نہیں۔