Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا بھر میں فیس بک کی سروس ڈاؤن: ’کچھ غلط ہو گیا ہے‘

فیس بک ایک بڑے تکنیکی تعطل کا شکار ہو گیا ہے جس کے باعث سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی مرکزی ایپ، ویب سائٹ اور فیس بک میسنجر سروس متاثر ہوئی ہیں۔
اس تعطل کے دوران میٹا کی دیگر سروسز بشمول انسٹاگرام اور واٹس ایپ زیادہ تر فعال ہیں تاہم  انسٹاگرام  کو بھی جزوی مسائل کا سامنا ہے۔
برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق متعدد صارفین خودکار طور پر اپنے اکاؤنٹس سے لاگ آؤٹ ہو گئے اور دوبارہ لاگ ان کرنے سے قاصر رہے۔ لاگ ان کی کوشش پر انہیں ایک پیغام موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ ’ایک غیر متوقع خرابی پیش آ گئی ہے۔‘
فیس بک کی مرکزی ویب سائٹ پر بھی اسی نوعیت کا پیغام دکھائی دیا۔ ویب سائٹ پر آنے والے صارفین کو بتایا گیا کہ ’کچھ غلط ہو گیا ہے‘ اور کمپنی اس مسئلے کے حل پر کام کر رہی ہے اور اسے جلد از جلد درست کر دیا جائے گا۔
میٹا اپنے صارفین کے لیے فراہم کردہ سروسز کی صورتحال جانچنے کے لیے کوئی باضابطہ سٹیٹس پیج نہیں چلاتی۔ البتہ کاروباری صارفین کے لیے ایک سٹیٹس پیج موجود ہے، تاہم یہ خبر شائع کیے جانے تک اس پر اس تعطل سے متعلق کوئی تازہ معلومات جاری نہیں کی گئی تھیں۔
دوسری جانب مختلف آن لائن سروسز میں خرابیوں کی نگرانی کرنے والی معروف ویب سائٹ ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ بھی تقریباً اسی وقت متاثر ہوتی دکھائی دی، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا اس کا فیس بک کے تعطل سے کوئی تعلق تھا یا نہیں۔
ویب سائٹ کے آف لائن ہونے سے قبل دستیاب معلومات کے مطابق تعطل کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 45 منٹ (بحرالکاہل وقت) یا برطانیہ کے وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 45 منٹ پر ہوا، جس کے بعد دنیا بھر میں فیس بک کی مختلف سروسز میں مسائل کی اطلاعات موصول ہونا شروع ہو گئیں۔

شیئر: