Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بک اکاؤنٹ ہیک ہو جانے کی صورت میں کیا کرنا چاہیے؟

ہیک شدہ فیس بُک کی رسائی واپس حاصل کی جا سکتی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
فیس بک اکاؤنٹس ہیک ہونا ایک بڑھتا ہوا مسئلہ ہے جو کسی کے ساتھ بھی پیش آ سکتا ہے۔
’فوربز‘ کے مطابق ہیکرز جب آپ کی لاگ اِن ڈیٹا اور ذاتی معلومات حاصل کر لیتے ہیں تو وہ اکاؤنٹ پر قبضہ کر کے آپ کو لاگ اِن سے باہر کر سکتے ہیں۔
اس کے بعد وہ نہ صرف آپ بلکہ آپ کے دوستوں اور اہل خانہ کو بھی دھوکہ دے سکتے ہیں۔ بلیک میلنگ اور فراڈ کر سکتے ہیں اور اگر آپ نے وہی پاس ورڈ دوسری ویب سائٹس پر بھی استعمال کر رکھے ہوں تو آپ کی بینکنگ معلومات تک بھی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر آپ کو شبہ ہے کہ آپ کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے تو چند اقدامات فوری کرنے کی ضرورت ہے۔

ہیک ہونے کی علامات

جب اکاؤنٹ ہیک ہو جائے تو اکثر سب سے پہلا اشارہ یہ ہوتا ہے کہ آپ لاگ اِن کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اکاؤنٹ تک رسائی نہیں ملتی۔
اس کے علاوہ پروفائل فوٹو، تاریخ پیدائش یا لوکیشن میں تبدیلی بھی ہیک ہونے کی علامت ہو سکتی ہے۔ کئی بار دوست یا اہل خانہ آپ کو مطلع کرتے ہیں کہ آپ کے اکاؤنٹ سے انہیں غیرمعمولی پیغامات یا رقم مانگنے کی درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔
اگر آپ نے لاگ اِن الرٹس فعال کیے ہوں تو فیس بک بھی آپ کو مشکوک سرگرمی کی اطلاع دے سکتا ہے۔

اکاؤنٹ ہیک ہونے پر کیا کریں؟

ماہرین کہتے ہیں کہ اگر ایسا کچھ ہو جائے تو آپ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ عموماً معاملہ جلد حل ہو جاتا ہے اور اکاؤنٹ واپس حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اگر آپ لاگ اِن نہیں کر پا رہے تو فیس بک کے ایک مخصوص ہیلپ پیج کے ذریعے اکاؤنٹ ریکور کیا جا سکتا ہے جو چند دنوں میں حل ہو جاتا ہے۔

رسائی کھو جانے کی صورت میں  فیس بک کے ایک مخصوص ہیلپ پیج کے ذریعے اکاؤنٹ ریکور کیا جا سکتا ہے (فائل فوٹو: پکسابے)

اگر آپ اب بھی اپنے اکاؤنٹ تک رسائی رکھتے ہیں تو سیٹنگز میں جا کر پاس ورڈ اور سکیورٹی سیکشن کھولیں۔ وہاں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کن ڈیوائسز پر آپ کا اکاؤنٹ لاگ اِن ہے۔
اگر کوئی غیرمتعلقہ ڈیوائس نظر آئے تو اس پر کلک کر کے ’سکیور اکاؤنٹ‘ منتخب کریں اور اسے لاگ آؤٹ کر دیں۔ اس کے بعد فوراً نیا پاس ورڈ سیٹ کریں۔

دیگر پاس ورڈز بھی تبدیل کریں

اکثر لوگ ایک ہی پاس ورڈ مختلف سائٹس پر استعمال کرتے ہیں۔ ہیکرز آپ کے فیس بک کا پاس ورڈ لے کر ای میل یا بینک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
اس لیے بہتر ہے کہ اپنے تمام پاس ورڈز بدلیں اور انہیں مضبوط بنائیں۔ کیپیٹل اور سمال لیٹرز کا مجموعہ، گنتی اور مخصوص علامات استعمال کریں اور پاس ورڈ مینیجر کے ذریعے محفوظ رکھیں۔

پرائیویسی اور سکیورٹی کو بہتر بنائیں

ایک بار اکاؤنٹ واپس مل جائے تو پرائیویسی سیٹنگز کو مضبوط کریں تاکہ دوبارہ ہیک نہ ہو۔

اجنبی افراد کی فرینڈ ریکویسٹ قبول کرنے سے گریز کریں (فائل فوٹو: پکسابے)

اجنبی افراد کی فرینڈ ریکوسٹ قبول کرنے سے گریز کریں، مشکوک لنکس نہ کھولیں اور جہاں ممکن ہو ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) استعمال کریں تاکہ آپ کی معلومات محفوظ رہیں۔

دوستوں کو مطلع کریں

اگر آپ کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے تو اپنے دوستوں اور اہل خانہ کو اطلاع دینا بھی ضروری ہے تاکہ وہ ہیکرز کے جھانسے میں نہ آئیں۔
ہیکرز آپ کے خاندان اور دوستوں کو آپ کے نام سے پیغامات بھیج کر ذاتی معلومات یا پیسے مانگ سکتے ہیں۔ اپنے کانٹیکٹس کو خبردار کریں کہ مشکوک لنکس نہ کھولیں اور اپنی پرائیویسی سیٹنگز مزید محفوظ بنائیں۔

اکاؤنٹ کی ریکوری

ماہرین کے مطابق زیادہ تر صورتوں میں فیس بک اکاؤنٹ دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے اور اس میں موجود تصاویر، پوسٹس اور کانٹیکٹس محفوظ رہتے ہیں۔
صرف ان صورتوں میں اکاؤنٹ بند کیا جا سکتا ہے جب طویل عرصے تک غیرفعال رہا ہو یا آپ کی ملکیت ثابت نہ ہو سکے۔

شیئر: