Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واٹس ایپ کا نیا ڈوئل کیمرہ فیچر متعارف کرانے کا منصوبہ، بیک اور فرنٹ کیمرے سے بیک وقت ویڈیو بنانا ممکن ہوگا

ابتدائی طور پر بیک کیمرہ پوری سکرین پر جبکہ فرنٹ کیمرہ اوپر دائیں جانب ایک چھوٹی مستطیل ونڈو میں نظر آئے گا (فائل فوٹو: پکسابے)
مشہور میسجنگ ایپ ’واٹس ایپ‘ نے اینڈورائڈ صارفین کے لیے نیا ڈوئل کیمرا فیچر متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے جس کے ذریعے صارفین بیک اور فرنٹ کیمرے سے بیک وقت تصاویر اور ویڈیوز بنا سکیں گے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق ویب سائٹ ’ڈبلیو اے بیٹا انفو‘ کے مطابق یہ فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.46.9 میں دیکھا گیا ہے اور فی الحال محدود بیٹا صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
نئے فیچر کے ذریعے ایک کیمرہ سکرین پر مرکزی منظر ریکارڈ کرے گا، جبکہ دوسرا کیمرہ ایک چھوٹی ونڈو میں صارف کا اپنا ردعمل بھی دکھائے گا۔
ڈوئل کیمرا موڈ استعمال کرنے کے لیے صارفین کو واٹس ایپ کیمرہ کھولنا ہوگا، جہاں سکرین کے اوپری حصے میں ایک نیا بٹن دکھائی دے گا۔ اس بٹن کو دبانے سے دونوں کیمرے بیک وقت فعال ہو جائیں گے۔
ابتدائی طور پر بیک کیمرہ پوری سکرین پر جبکہ فرنٹ کیمرہ اوپر دائیں جانب ایک چھوٹی مستطیل ونڈو میں نظر آئے گا۔ صارفین کیمرے تبدیل کرنے کے آپشن کے ذریعے دونوں کے مناظر کی جگہ بھی بدل سکیں گے۔
اس کے علاوہ چھوٹی ونڈو کو سکرین پر اپنی مرضی کے مطابق کہیں بھی منتقل کیا جا سکے گا۔
اس فیچر کے ذریعے تصویر بناتے وقت دونوں کیمروں کے مناظر ایک ہی تصویر میں شامل ہوں گے، جبکہ ویڈیو ریکارڈنگ کے دوران دونوں کیمرے بیک وقت کام کریں گے اور ایک ہی ویڈیو تیار ہوگی۔
صارفین اس فیچر کے ذریعے بنائی گئی تصاویر اور ویڈیوز انفرادی چیٹس، گروپس، چینلز اور واٹس ایپ وسٹیٹس پر بھی شیئر کر سکیں گے۔ ریکارڈنگ کے بعد میڈیا میں کیپشن شامل کرنے اور ڈرائنگ ایڈیٹر کے ذریعے ترمیم کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے تاحال اس فیچر کے عوامی اجرا کا باضابطہ اعلان نہیں کیا اور یہ فی الحال بیٹا ٹیسٹنگ تک محدود ہے، تاہم آنے والے ہفتوں میں اس کا مستحکم ورژن تمام اینڈرائیڈ صارفین کے لیے جاری کیے جانے کی توقع ہے۔

شیئر: