’اے آئی ماڈلز کو ریلیز کرنا خطرناک ہو سکتا ہے‘، اوپن اے آئی اور اینتھروپک کے ماہرین کیوں پریشان ہیں؟
’اے آئی ماڈلز کو ریلیز کرنا خطرناک ہو سکتا ہے‘، اوپن اے آئی اور اینتھروپک کے ماہرین کیوں پریشان ہیں؟
جمعہ 27 نومبر 2026 17:12
محققین کے مطابق ان ماڈلز کی صلاحیتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، تاہم انہیں قابو میں رکھنے اور ان کے رویے کی مؤثر نگرانی کے قابلِ اعتماد طریقے ابھی دستیاب نہیں (فائل فوٹو: گیٹی)
مصنوعی ذہانت کے شعبے کی بڑی کمپنیوں ’اوپن اے آئی‘ اور ’اینتھروپک‘ کے بعض ملازمین کو خدشہ ہے کہ ان کے تیار کردہ جدید ترین اے آئی ماڈلز اتنے طاقتور ہو چکے ہیں کہ انہیں عوام کے لیے جاری کرنا محفوظ نہیں ہوگا۔
محققین کے مطابق ان ماڈلز کی صلاحیتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، تاہم انہیں قابو میں رکھنے اور ان کے رویے کی مؤثر نگرانی کے قابلِ اعتماد طریقے ابھی دستیاب نہیں۔
امریکی ویب سائٹ ’ایکسِیوس‘ کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق دونوں کمپنیوں کے اندر اس بات پر بحث جاری ہے کہ مستقبل کے طاقتور اے آئی ماڈلز عوام کے لیے جاری کیے جائیں یا انہیں صرف اندرونی تحقیق اور محدود استعمال تک رکھا جائے۔
یہ خدشات کمپنیوں کے اندرونی معاملات سے واقف دو درجن سے زائد افراد سے گفتگو کی بنیاد پر سامنے آئے ہیں۔
بعض محققین کا خیال ہے کہ ان مسائل کا تکنیکی حل تلاش کیا جا سکتا ہے، جبکہ کچھ ملازمین نئے اور زیادہ طاقتور ماڈلز کی تربیت روکنے کی تجویز دے رہے ہیں۔ انہیں یہ خدشہ بھی ہے کہ کمپنیوں کی قیادت حفاظتی اقدامات کے بجائے کاروباری مفادات اور منافع کو ترجیح دے سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں کمپنیوں کے غیر جاری شدہ ماڈلز ریاضی، سائنس، سائبر سکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کی تحقیق جیسے شعبوں میں غیر معمولی صلاحیتیں دکھا رہے ہیں۔ تاہم یہ ماڈلز ابھی ہر شعبے میں انسانی ذہانت سے آگے نہیں نکلے۔
اینتھروپک کے ایک ریاضی دان نے ’کلاڈ‘ کے ایک غیرجاری شدہ تحقیقی ماڈل کی مدد سے ’ریمان مفروضے‘ کا ثبوت پیش کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ ریاضی کا ایک پیچیدہ مسئلہ ہے جسے 1859 سے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم اس ثبوت کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔
دوسری جانب اوپن اے آئی کے ایک غیرجاری شدہ ماڈل نے ریاضی کے سینکڑوں مسائل کے ثبوت تیار کرنے میں مدد دی۔
ماڈلز کو قابو میں رکھنا کیوں مشکل ہو رہا ہے؟
محققین کی تشویش کی ایک بڑی وجہ ’ری انفورسمنٹ لرننگ‘ کا طریقہ ہے، جس میں اے آئی ماڈلز کو آزمائش اور غلطی کے ذریعے کام سکھایا جاتا ہے اور درست نتائج پر انعام دیا جاتا ہے۔
ماہرین کو خدشہ ہے کہ زیادہ طاقتور ماڈلز مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے حفاظتی نظام کو چکمہ دینے کے قابل ہو سکتے ہیں (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)
ماہرین کو خدشہ ہے کہ زیادہ طاقتور ماڈلز مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے حفاظتی نظام کو چکمہ دینے یا جانچ کے طریقوں میں خامیاں تلاش کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں۔ اسے ’ریوارڈ ہیکنگ‘ کہا جاتا ہے، جس میں ماڈل اصل کام مکمل کرنے کے بجائے انعام حاصل کرنے کا کوئی دوسرا راستہ اختیار کر لیتا ہے۔
ایک اور مسئلہ اے آئی ماڈلز کی سوچ اور فیصلوں کی نگرانی کا ہے۔ محققین ’چین آف تھاٹ‘ یعنی ماڈل کے مرحلہ وار استدلال کا جائزہ لے کر یہ سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ کسی نتیجے تک کیسے پہنچا۔
تاہم بعض جدید غیر جاری شدہ ماڈلز اپنی اصل سوچ چھپانے یا نگرانی کرنے والوں کو مطمئن کرنے کے لیے گمراہ کن وضاحتیں پیش کرنے کے رویے دکھا رہے ہیں۔ اس سے ماہرین کے لیے یہ جانچنا مشکل ہو سکتا ہے کہ ماڈل حقیقت میں کیا کر رہا ہے۔
ایک محقق نے رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا کہ اگر اے آئی ماڈلز کی ذہانت انسانوں سے بڑھ گئی تو وہ اپنے نگرانوں کو کامیابی سے دھوکہ دینے کے قابل ہو سکتے ہیں۔ اس صورت میں انہیں قابو میں رکھنے کے موجودہ طریقے غیر مؤثر ہو سکتے ہیں۔
ہگنگ فیس پر سائبر سکیورٹی کا واقعہ
اوپن اے آئی کے ایک اندرونی تحقیقی ماڈل کو ’ہگنگ فیس‘ نامی اے آئی پلیٹ فارم پر پیش آنے والے سائبر سکیورٹی واقعے کا بنیادی سبب قرار دیا گیا تھا۔
اوپن اے آئی کے ترجمان کے مطابق کمپنی نے نئے حفاظتی تقاضے متعارف کرائے ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
اوپن اے آئی کی اپنی تکنیکی رپورٹ کے مطابق ماڈل نے اپنے مقررہ کام میں بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے پلیٹ فارم کے حفاظتی انتظامات میں موجود خامیوں سے فائدہ اٹھایا اور مطلوبہ جواب تک پہنچنے کا غیر متوقع راستہ اختیار کیا۔
اس واقعے نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر طاقتور ماڈلز کو عوام کے لیے جاری نہ کیا جائے تو کیا انہیں کمپنیوں کے اندر استعمال کرنا مکمل طور پر محفوظ ہوگا؟
اوپن اے آئی اور اینتھروپک کا مؤقف
دونوں کمپنیوں نے حفاظتی خدشات کے حوالے سے اپنے مؤقف بھی پیش کیے ہیں۔
اوپن اے آئی کے ترجمان کے مطابق کمپنی نے نئے حفاظتی تقاضے متعارف کرائے ہیں، جن کے باعث مستقبل میں ماڈلز کی ریلیز میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
کمپنی کے چیف سائنٹسٹ جیکب پاچوکی نے اے آئی کی ترقی کے لیے مختلف کمپنیوں کے درمیان مشترکہ حدود مقرر کرنے کی تجویز دی ہے، جسے چیف ایگزیکٹیو سام آلٹمین نے اہم قرار دیا۔
دوسری جانب ’اینتھروپک‘ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی ماڈل کو کمپنی کے اندر محدود رکھنا بذاتِ خود اسے محفوظ نہیں بناتا۔ کمپنی کی ذمہ داری ماڈل کی تربیت سے لے کر اس کے اندرونی استعمال تک ہے، نہ کہ صرف عوام کے لیے اسے جاری کرنے تک۔
ترجمان کے مطابق خطرات کے پیش نظر کمپنی کسی ماڈل کی تیاری سست یا اس کی ریلیز مؤخر بھی کر سکتی ہے، چاہے اس فیصلے سے کمپنی کو کاروباری نقصان ہی کیوں نہ اٹھانا پڑے۔
یہ امکان بھی زیرِ بحث آیا ہے کہ مستقبل کے انتہائی طاقتور اے آئی ماڈلز تک رسائی صرف بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں تک محدود رکھی جائے (فائل فوٹو: گیٹی)
رپورٹ میں یہ امکان بھی زیرِ بحث آیا ہے کہ مستقبل کے انتہائی طاقتور اے آئی ماڈلز تک رسائی صرف بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں تک محدود رکھی جائے اور عام صارفین کو ان کی مکمل صلاحیتوں کے بجائے مخصوص کاموں کے لیے تیار کردہ مصنوعات کے ذریعے سہولت فراہم کی جائے۔
تاہم محققین کا کہنا ہے کہ طاقتور ماڈلز کو صرف کمپنیوں کے اندر محدود رکھنا بھی مکمل تحفظ کی ضمانت نہیں، کیونکہ ان کی اندرونی تربیت اور استعمال کے دوران بھی خطرات موجود رہتے ہیں۔
دونوں کمپنیوں نے مستقبل کے تمام طاقتور ماڈلز کی عوامی ریلیز روکنے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، تاہم اس بحث نے مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ ایک اہم سوال کھڑا کر دیا ہے کہ اگر اے آئی نظام انسانی نگرانی سے بچنے اور اپنے فیصلوں کو چھپانے کے قابل ہونے لگیں تو انہیں محفوظ رکھنے کے لیے کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں؟