نمل کی جانب سے سیکریٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ ڈاکٹر عبدالکریم العیسیٰ کے لیے اعزازی ڈگری
نمل کی جانب سے سیکریٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ ڈاکٹر عبدالکریم العیسیٰ کے لیے اعزازی ڈگری
پیر 13 جولائی 2026 15:36
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
پاکستان کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) نے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسیٰ کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں نمل یونیورسٹی کے تیسرے خصوصی کانووکیشن کے دوران وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر اور ریکٹر نمل یونیورسٹی میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی نے ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسیٰ کو انٹرنیشنل ریلیشنز اور اسلامک سٹیڈیز میں پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی۔
اس موقع پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، یونیورسٹی اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسیٰ کو یہ اعزاز مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے ان کی عالمی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
اعزازی ڈگری وصول کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسیٰ نے حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور اس اعزاز کو اپنے لیے باعثِ عزت اور ایک نئی ذمہ داری قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان آمد پر انتہائی خوشی محسوس کر رہے ہیں اور اس اعزازی ڈگری نے ان کے دورے کو مزید یادگار بنا دیا ہے۔
ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسیٰ نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورت حال میں پاکستان کے مثبت اور ثالثی کے کردار کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے عالمِ اسلام کے لیے باعثِ افتخار ہے۔
اس موقعے پر تقریب کی مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت برائے تعلیم ڈاکٹر وجیہہ قمر نے سیکریٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ کی پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسیٰ نے حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈگری کو اپنے لیے باعثِ عزت قرار دیا (فوٹو: اردو نیوز)
انہوں نے کہا کہ ’نمل یونیورسٹی اور پاکستان کے لیے یہ انتہائی اعزاز کی بات ہے کہ آج ایک عالمی شخصیت کو اس ڈگری سے نوازا گیا ہے۔‘
اپنے خطاب میں انہوں نے زور دیا کہ تعلیم صرف ایک ڈگری کا نام نہیں بلکہ معاشرے کو بہتر بنانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے، جس میں تعلیمی اداروں (ایکیڈیمیا) کا کردار کلیدی ہے۔
انہوں نے پاکستان اور سعودی کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’دونوں ممالک کے برادرانہ روابط وقت کے ساتھ ساتھ مزید گہرے اور مضبوط ہو رہے ہیں۔‘
تقریب سے خطاب میں نمل یونیورسٹی کے ریکٹر میجر جنرل (ریٹائرڈ) شاہد محمود کیانی کا کہنا تھا کہ ’یہ اعزازی ڈگری سیکریٹری جنرل کی پاکستان اور دنیا بھر میں امن و بھائی چارے کے لیے خدمات کا اعتراف ہے۔‘
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت وجیہہ قمر، مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد عبدالکریم العیسیٰ اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔