سعودی اور پاکستانی وزرائے خارجہ کا رابطہ، خطے میں کشیدگی بڑھنے پر تشویش
ہفتہ 11 جولائی 2026 16:47
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ’تنازعے کی دوبارہ شدت کسی کے مفاد میں نہیں‘ (فائل فوٹو: دفترِ خارجہ)
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سنیچر کو سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کی ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ’دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتِ حال اور بڑھتی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔‘
’سعودی اور پاکستانی وزرائے خارجہ نے امریکہ اور ایران کے درمیان جُون میں ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط کے باوجود کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔‘
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تنازعے کی دوبارہ شدت کسی کے مفاد میں نہیں اور اس سے خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچتا ہے۔‘
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کشیدگی میں کمی اور فریقین کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ’فریقین زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ثالثی کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے وقت اور مواقع فراہم کیے جائیں۔‘
ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے ثالٹی کی کوششوں کی سپورٹ، ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی بحالی، کشیدگی پر قابو پانے، علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی و استحکام کو بڑھانے، پرامن اور جامع حل تک پہنچنے کے لیے تمام ضروری کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
