Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بچپن میں میسی کی گود میں، اب ورلڈ کپ فائنل میں آمنے سامنے: یمال اور میسی کی دلچسپ کہانی

اس ورلڈ کپ  فائنل میں دنیا کے دو بڑے فٹ بال ستارے، ’لیونل میسی‘ اور ’لامین یمال‘ پہلی بار ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔(فوٹو:گیٹی امیجز)
فیفا ورلڈ کپ کے دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ یورپی چیمپیئن سپین سے ہوگا۔
امریکی سپورٹس ویب سائٹ ای ایس پی این کے مطابق اس ورلڈ کپ  فائنل میں دنیا کے دو بڑے فٹ بال ستارے، ’لیونل میسی‘ اور ’لامین یمال‘ پہلی بار ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے، تاہم دونوں کی پہلی ملاقات تقریباً 19 برس قبل اس وقت ہوئی تھی، جب یمال محض چند ماہ کے شیر خوار بچے تھے۔
یہ دلچسپ واقعہ 2007 میں اس وقت  پیش آیا جب ہسپانوی اخبار ’ڈیاریو سپورٹ‘ نے یونیسیف کے تعاون سے ایک خیراتی کیلنڈر کے لیے بارسلونا کے کھلاڑیوں کے ساتھ بچوں کی تصویریں بنوانے کا اہتمام کیا۔ 
اس مقصد کے لیے بارسلونا کے قریب واقع علاقے ’روکا فونڈا‘ میں رہنے والے خاندانوں کے درمیان قرعہ اندازی کرائی گئی، جس میں لامین یمال کے خاندان کا انتخاب ہوا۔
اس کے بعد لامین یمال اپنی والدہ ’شیلا ایبانا‘ کے ہمراہ بارسلونا کے ’کیمپ نو‘ پہنچے، جہاں ادارے کی جانب سے فوٹو شوٹ کے دوران اُس وقت کے 20 سالہ لیونل میسی نے ننھے یمال کو گود میں اٹھایا، انہیں ایک چھوٹے سے ٹب میں نہلایا اور یادگار تصاویر بنوائیں۔ اس وقت شاید کسی نے بھی تصور نہیں کیا ہوگا کہ برسوں بعد یہی بچہ ورلڈ کپ کے فائنل میں لیونل میسی کے مدمقابل میدان میں اترے گا۔

یہ تصاویر دو سال قبل دوبارہ منظرِ عام پر آئیں، جب لامین یمال نے سپین کو یورو 2024 کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔(فوٹو:اے پی)

یہ تصاویر دو سال قبل دوبارہ منظرِ عام پر آئیں، جب لامین یمال نے سپین کو یورو 2024 کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
 بعد ازاں یمال کے والد ’منیر نصراوی‘ نے ان میں سے ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’دو عظیم لیجنڈز کی شروعات۔‘

ان تصاویر کے فوٹوگرافر نے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کو بتایا کہ اس وقت میسی نہایت شرمیلے اور کم گو تھے۔(فوٹو:اے پی)

ان تصاویر کے فوٹوگرافر ’خوان مونفورٹ‘ نے خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کو بتایا کہ اس وقت میسی نہایت شرمیلے اور کم گو تھے۔ ’جب وہ ڈریسنگ روم میں داخل ہوئے تو پانی سے بھرا ایک چھوٹا سا ٹب اور اس میں موجود ننھا یامال ان کے منتظر تھا، جبکہ ابتدا میں میسی کو یہ بھی سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ بچے کو کیسے گود میں اٹھائیں۔‘
مونفورٹ کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ برسوں پہلے لی گئی یہ تصاویر دنیا بھر میں اتنی مقبول ہو چکی ہیں۔

لامین یمال نے صرف 15 سال کی عمر میں بارسلونا کی سینئر ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا۔ وہ اب تک بارسلونا کے ساتھ تین لا لیگا ٹائٹل جیت چکے ہیں۔(فوٹو:اے پی)

لامین یمال نے صرف ’15 سال، 9 ماہ اور 16 دن‘ کی عمر میں بارسلونا کی سینئر ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا۔ وہ اب تک بارسلونا کے ساتھ تین لا لیگا ٹائٹل جیت چکے ہیں، جبکہ سپین کو یورو 2024 کا چیمپیئن بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں۔ 19 برس کی عمر سے پہلے ہی وہ دنیا کے بہترین فٹبالرز میں شمار کیے جانے لگے ہیں۔
مبصرین یمال کو لیونل میسی کا ممکنہ جانشین قرار دیتے ہیں، تاہم آٹھ مرتبہ’ بیلن ڈی اور‘ جیتنے والے میسی کی کامیابیوں تک پہنچنے کے لیے انہیں ابھی طویل سفر طے کرنا ہوگا۔
 

شیئر: