کیا فاک لینڈ جزائر کا بینر لہرانے پر ارجنٹینا کے خلاف کیا کارروائی ہو سکتی ہے؟
کیا فاک لینڈ جزائر کا بینر لہرانے پر ارجنٹینا کے خلاف کیا کارروائی ہو سکتی ہے؟
جمعرات 16 جولائی 2026 14:39
فیفا نے اس سے قبل بھی ارجنٹینا کی فٹ بال ایسوسی ایشن پر 20 ہزار پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا تھا۔(فوٹو:روئٹرز)
فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار فائنل میں پہنچنے والی ارجنٹینا کی ٹیم فیفا کی جانب سے ممکنہ تادیبی کارروائی کا سامنا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے ای ایس پی این کے مطابق میچ کے بعد جشن کے دوران ارجنٹینا کے چند کھلاڑیوں نے ایک بینر کی نمائش کی، جس پر ہسپانوی زبان میں ’لاس مالویناس سن ارجنٹیناس‘ لکھا تھا، یعنی ’فاک لینڈ جزائر ارجنٹینا کے ہیں۔‘ بعد ازاں یہ بینر میدان میں ہی چھوڑ دیا گیا۔
سیمی فائنل میچ سے قبل ارجنٹینا کے کوچ لیونل سکالونی نے کہا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ انگلینڈ کے خلاف مقابلہ فالکلینڈ جزائر کے تنازع کا رنگ اختیار کرے، تاہم فتح کے بعد کھلاڑیوں کے اس اقدام نے ایک بار پھر اس حساس سیاسی مسئلے کو عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا۔
فیفا اور انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن بورڈ (آئی ایف اے بی) کے قوانین کے مطابق فٹبال کے میدان میں سیاسی، مذہبی یا ذاتی نوعیت کے نعرے، پیغامات یا علامات کی نمائش ممنوع ہے۔ قوانین کے تحت ایسی خلاف ورزی کی صورت میں کھلاڑیوں، ٹیم یا متعلقہ فٹ بال فیڈریشن کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ فیفا نے اس سے قبل بھی 2014 میں ارجنٹینا کی فٹ بال ایسوسی ایشن پر 20 ہزار پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا تھا، جب ارجنٹینا کے کھلاڑیوں نے سلووینیا کے خلاف دوستانہ میچ سے قبل یہی بینر اٹھایا تھا۔
فاک لینڈ جزائر کا تنازع کیا ہے؟
فاک لینڈ جزائر، جنہیں ارجنٹینا ’مالویناس‘ کہتا ہے، جنوبی بحرِ اوقیانوس میں واقع جزائر کا ایک مجموعہ ہے۔ یہ جزائر برطانیہ سے تقریباً ’8 ہزار میل‘ جبکہ ارجنٹینا کے ساحل سے تقریباً ’300 میل‘ کے فاصلے پر واقع ہیں۔
برطانیہ ان جزائر کو اپنا ’سمندر پار علاقہ‘ قرار دیتا ہے، جبکہ ارجنٹینا کئی دہائیوں سے ان پر اپنی خودمختاری کا دعویٰ کرتا آ رہا ہے۔
فیفا نے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا، تاہم ارجنٹینا کو تادیبی کارروائی یا جرمانے کا سامنا ہو سکتا ہے۔(فوٹو:اے ایف پی)
1982 کی فاک لینڈ جنگ
فاک لینڈ جزائر پر تنازع اپریل 1982 میں اس وقت جنگ میں تبدیل ہو گیا، جب ارجنٹینا کی فوج نے جزائر پر قبضہ کر لیا۔ اس کے جواب میں برطانیہ نے ایک بڑی بحری اور فوجی کارروائی شروع کی۔
یہ جنگ 74 دن جاری رہی اور جون 1982 میں برطانوی افواج نے دوبارہ جزائر کا کنٹرول حاصل کر لیا۔
اس جنگ میں ارجنٹینا کے 655 فوجی، انگلینڈ کے 255 فوجی اور جزائر کے تین شہری ہلاک ہوئے تھے۔
اگرچہ جنگ کو چار دہائیاں گزر چکی ہیں، لیکن فاک لینڈ جزائر کی خودمختاری کا تنازع آج بھی ارجنٹینا اور برطانیہ کے درمیان سفارتی اختلافات کا اہم سبب ہے، اور دونوں ممالک اپنے اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔
فیفا نے ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کے حالیہ اقدام پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا، تاہم ماضی کی مثالوں اور قوانین کے پیش نظر ارجنٹینا کو ایک بار پھر تادیبی کارروائی یا جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔