Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ساؤتھ ایئر‘ نے کمرشل فلائٹ آپریشن کا آغاز کر دیا، روٹ میں کون سے شہر شامل ہیں؟

’ساؤتھ ایئر‘ کی پہلی پروازوں نے 16 جولائی کو مختلف شہروں کے درمیان سفر کا آغاز کیا (فوٹو: ساؤتھ ایئر)
پاکستان کی نجی فضائی ایئر لائن ’’ساؤتھ ایئر‘‘ نے جمعرات سے اپنے باقاعدہ کمرشل فلائٹ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
ایئر لائن نے پہلے ہی روز کراچی، بہاولپور، تربت، کوئٹہ اور اسلام آباد کے درمیان مجموعی طور پر آٹھ پروازیں آپریٹ کیں، جبکہ اس کے ساتھ ہی بہاولپور کا تقریبا تین برس بعد ملک کے دیگر شہروں سے فضائی رابطہ بھی بحال ہو گیا۔
’ساؤتھ ایئر‘ کو پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کمرشل پروازوں کی اجازت ملنے کے بعد کمپنی نے باقاعدہ ٹکٹوں کی فروخت شروع کی تھی، جبکہ 16 جولائی کو اس کی پہلی پروازوں نے مختلف شہروں کے درمیان سفر کا آغاز کیا۔ کمپنی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں دو اے ٹی آر طیاروں کے ذریعے آپریشن کیا جا رہا ہے، جنہیں مختصر فاصلے کے روٹس کے لیے کامیاب جہاز تصور کیا جاتا ہے۔
ایئر لائن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نشاط فاطمہ کے مطابق ’ساؤتھ ایئر‘ کے آپریشن کے پہلے روز آٹھ پروازیں چلائی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’کراچی سے پہلی پروازیں تربت اور بہاولپور کے لیے روانہ ہوئیں۔ کمپنی کا مقصد ان شہروں کو دوبارہ باقاعدہ فضائی نیٹ ورک سے جوڑنا ہے جہاں گزشتہ چند برسوں سے پروازوں کی کمی یا بندش کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا تھا۔‘
کراچی سے تربت اور کوئٹہ کے لیے ’ساؤتھ ایئر‘ کی پرواز Z8-911 صبح روانہ ہوئی جبکہ واپسی کی پرواز Z8-912 کوئٹہ سے تربت اور پھر کراچی واپس آئی۔ اسی طرح کراچی سے بہاولپور جانے والی پرواز Z8-942 مقررہ وقت پر صبح سات بج کر 40 منٹ پر روانہ ہوئی، جس کے بعد اسی طیارے نے بہاولپور سے اسلام آباد کے لیے پرواز Z8-970 آپریٹ کی۔
ان پروازوں کے آغاز کے ساتھ ہی بہاولپور کا ملک کے دیگر بڑے شہروں سے فضائی رابطہ بحال ہو گیا، جو تقریبا تین برس سے معطل تھا۔ ماضی میں ان روٹس پر قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پروازیں چلتی تھیں، تاہم سنہ 2023 میں کراچی، بہاولپور اور اسلام آباد کے درمیان پی آئی اے کی پروازیں بند ہونے کے بعد مسافروں کو زمینی سفر یا متبادل فضائی راستے اختیار کرنا پڑتے تھے۔
افتتاحی پرواز کے مسافروں نے بھی نئی ایئر لائن کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا۔ کراچی سے کوئٹہ سفر کرنے مسافر امان اللہ اچکزئی کا کہنا تھا کہ ’تربت اور کوئٹہ جیسے شہروں کے لیے گزشتہ چند برسوں سے فضائی سہولیات محدود ہونے کے باعث ہمیں طویل زمینی سفر یا دیگر شہروں کے ذریعے سفر کرنا پڑتا تھا، جس سے وقت اور اخراجات دونوں بڑھ جاتے تھے۔‘
ان کے مطابق ’ساؤتھ ایئر کی پروازوں کے آغاز سے نہ صرف سفر آسان ہوگا بلکہ کاروباری افراد، سرکاری ملازمین، طلبہ اور مریضوں سمیت روزمرہ سفر کرنے والے افراد کو بھی براہِ راست رابطے کی سہولت میسر آئے گی۔‘
ایک دوسرے مسافر حمید اللہ کا کہنا تھا کہ ’اگر ایئر لائن وقت کی پابندی، مناسب کرایوں اور معیاری خدمات کو برقرار رکھتی ہے تو یہ ملک کے اندر سفر کرنے والوں کے لیے ایک قابل اعتماد متبادل ثابت ہو سکتی ہے۔‘
ایوی ایشن ماہرین کے مطابق ان روٹس کی بحالی سے نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں کے مسافروں کو بھی براہ راست سفری سہولت میسر آئے گی۔ خاص طور پر تربت اور کوئٹہ جیسے شہروں کے لیے نجی فضائی کمپنی کی آمد سے مسافروں کے پاس فضائی سفر کا آپشن آگیا ہے، جبکہ کرایوں میں مسابقت کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔

ابتدائی مرحلے میں کمپنی محدود روٹس پر دو اے ٹی آر طیاروں کے ساتھ آپریشن شروع کر رہی ہے (فوٹو: ساؤتھ ایئر)

دوسری جانب بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ’ساؤتھ ایئر‘ کی افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوئی جہاں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، رکن بلوچستان اسمبلی رحمت صالح بلوچ، جنرل منیجر کوئٹہ ایئرپورٹ خالق کاکڑ اور دیگر حکام کے ہمراہ تربت جانے والے مسافروں کو رخصت کر کے باقاعدہ آپریشن کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ ’کوئٹہ، تربت، گوادر اور کراچی کے درمیان ’ساؤتھ ایئر‘ کی پروازوں کا آغاز خوش آئند پیش رفت ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’موجودہ حکومت بلوچستان کے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور صوبے کے مختلف علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں سے موثر انداز میں منسلک کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔’
انہوں نے کہا کہ ’بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جہاں طویل زمینی فاصلے شہریوں کے لیے سفر کو مشکل بنا دیتے ہیں۔ ایسے میں فضائی رابطوں کی بحالی نہ صرف عوام کے لیے سہولت کا باعث بنتی ہے بلکہ صحت، تعلیم، کاروبار اور سرکاری امور سے وابستہ افراد کے لیے بھی وقت اور وسائل کی بچت ممکن بناتی ہے۔‘
صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ساؤتھ ایئر‘ کی جانب سے کوئٹہ، تربت اور کراچی کے درمیان پروازوں کا آغاز بلوچستان کے عوام کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔‘
ان کے مطابق ’بہتر فضائی رابطے سے نہ صرف سفری سہولیات میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار، سیاحت اور تجارت کے شعبوں کو بھی فروغ ملے گا۔‘
رکن بلوچستان اسمبلی رحمت صالح بلوچ نے بھی اس موقع پر کہا کہ ’بلوچستان کے مختلف اضلاع کو فضائی نیٹ ورک سے جوڑنے کی ضرورت طویل عرصے سے محسوس کی جا رہی تھی اور نئی نجی ایئر لائن کے آپریشن سے اس کمی کو کسی حد تک پورا کرنے میں مدد ملے گی۔‘
تقریب میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان غوریزئی سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی شریک ہوئے۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ’ساؤتھ ایئر‘ کی افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوئی (فوٹو: ساؤتھ ایئر)

پاکستان کی فضائی صنعت گزشتہ چند برسوں کے دوران مختلف معاشی اور انتظامی چیلنجز سے گزرتی رہی ہے۔ بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات، ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ، روپے کی قدر میں کمی اور قومی فضائی کمپنی کو درپیش مالی مشکلات کے باعث متعدد روٹس متاثر ہوئے، جبکہ کئی شہروں کے درمیان پروازوں کی تعداد بھی کم ہو گئی تھی۔ ایسے میں نجی شعبے کی نئی سرمایہ کاری کو ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر نئی نجی ایئر لائنز اپنے آپریشن کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے میں کامیاب رہتی ہیں تو اس سے نہ صرف مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ فضائی شعبے میں مقابلے کا رجحان بھی بڑھے گا، جس کے نتیجے میں خدمات کے معیار اور ممکنہ طور پر کرایوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
’ساؤتھ ایئر‘ کا کہنا ہے کہ ’ابتدائی مرحلے میں کمپنی محدود روٹس پر دو اے ٹی آر طیاروں کے ساتھ آپریشن شروع کر رہی ہے، تاہم مستقبل میں نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔‘ کمپنی کے مطابق ’ان شہروں کو ترجیح دی جا رہی ہے جہاں فضائی سہولیات محدود ہیں یا گزشتہ چند برسوں کے دوران پروازیں بند ہو چکی تھیں۔‘
ایوی ایشن مبصرین کے مطابق بہاولپور، تربت، کوئٹہ اور کراچی جیسے شہروں کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی سے نہ صرف مسافروں کو سہولت ملے گی بلکہ کاروباری سرگرمیوں، سیاحت اور علاقائی روابط کو بھی فروغ حاصل ہو سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ’ساؤتھ ایئر‘ کے کمرشل آپریشن کے آغاز کو پاکستان کے نجی فضائی شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں مزید نجی سرمایہ کاری اور نئے فضائی روٹس کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔

شیئر: