ریاض میں مصنوعی ذہانت کی اخلاقیات پر یونیسکو گلوبل فورم کا انعقاد، 194 ممالک کی شرکت
یونیسکو گلوبل فورم آن اے آئی ایتھکس مصنوعی ذہانت کی اخلاقیات پر توجہ مرکوز کرنے والے اہم بین الاقوامی پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میں مصنوعی ذہانت کے اخلاقیات سے متعلق یونیسکو گلوبل فورم (جی ایف ای اے آئی 2026) کے چوتھے ایڈیشن کا انعقاد 14 سے 17 ستمبر تک ہوگا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس فورم میں 194 ممالک کی بین الاقوامی شرکت متوقع ہے جہاں دنیا بھر سے پالیسی ساز، ماہرین، ماہرینِ تعلیم، بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان اور سرکاری و نجی شعبوں سے وابستہ افراد شرکت کریں گے۔
اس فورم کا اہتمام ’سعودی ڈیٹا اینڈ اے آئی اتھارٹی‘ (سدایا) نے یونیسکو کی شراکت داری اور ’انٹرنیشنل سینٹر فار اے آئی ریسرچ اینڈ ایتھکس‘ (آئی سی اے آئی آر ای) کے تعاون سے کیا ہے۔
یہ فورم مصنوعی ذہانت کی اخلاقیات پر توجہ مرکوز کرنے والے اہم بین الاقوامی پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے۔ 2026 کے اس ایڈیشن کا مقصد مصنوعی ذہانت کے گورننس پر عالمی مکالمے کو مضبوط بنانا، تجربات اور بہترین طریقوں کا تبادلہ کرنا اور پائیدار ترقی کی حمایت و عوامی خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال کے راستے تلاش کرنا ہے۔
چار دنوں پر محیط اس فورم کے دوران مصنوعی ذہانت کی اخلاقیات اور گورننس، صلاحیتوں میں اضافہ، ذمہ دارانہ جدت طرازی اور بین الاقوامی پالیسیوں جیسے اہم موضوعات پر بحث کی جائے گی۔
اس مقصد کے لیے اعلیٰ سطح کے سیشنز اور خصوصی ورکشاپس منعقد کی جائیں گی جن میں دنیا بھر کے ماہرین اور پالیسی ساز یکجا ہوں گے۔
سعودی عرب کی جانب سے اس فورم کی میزبانی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر اے آئی کی اخلاقیات اور گورننس کو مضبوط بنانے، اور جدید ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کے لیے کثیر الجہتی تعاون کی حمایت کرنے کی اس کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔

یہ قدم سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے اور عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کے مستقبل کو سنوارنے میں مملکت کے کردار کو مزید مستحکم کرتا ہے۔
اس میں شرکت کے لیے رجسٹریشن، فورم کے پروگرام، اہم مقررین اور تازہ ترین معلومات تک رسائی فورم کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے دستیاب ہے۔
