Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: ماہ شراون میں مٹن کھانے کی خواہش پر باپ نے بیٹے کو قتل کردیا  

مقتول کی شناخت 30 سالہ مہیش بھگوت گائیکواڑ کے نام سے ہوئی ہے۔(فوٹو:این ڈی ٹی وی)
انڈین ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے میں شراون کے مہینے میں مٹن کھانے کی خواہش پر باپ نے مبینہ طور پر اپنے بیٹے کو تشدد کرکے قتل کردیا، جبکہ مقتول کی والدہ کو بھی شوہر کو بچانے کے لیے شواہد مٹانے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق واقعہ پونے کے وارژے مالواڑی علاقے میں 24 اور 25 اگست کی درمیانی شب پیش آیا۔ مقتول کی شناخت 30 سالہ مہیش بھگوت گائیکواڑ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق مہیش مبینہ طور پر نشے کی حالت میں گھر پہنچا اور رات کے کھانے میں مٹن بنانے کا مطالبہ کیا۔ تاہم اس کے گھر والے شراون کے مہینے کی وجہ سے گوشت اور دیگر نان ویج کھانے سے پرہیز کر رہے تھے۔
مہیش کے مٹن کھانے کے اصرار پر اس کا والد بھگوت سوریہ بھان گائیکواڑ مشتعل ہو گیا اور دونوں کے درمیان شدید بحث شروع ہوگئی۔
پولیس کے مطابق باپ اور بیٹے کے درمیان یہ بحث شدت اختیار کر گئی اور معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا۔ مبینہ طور پر باپ نے اپنے بیٹے کے چہرے اور سر پر شدید تشدد کیا، جس سے مہیش بری طرح زخمی ہو گیا جس سے اس کی موت ہو گئی۔
واقعے کے بعد معاملہ مزید سنگین ہوا جب مہیش کی والدہ نے شوہر کو بچانے کے لیے بیٹے کی موت کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو نہیں دی اور مبینہ طور پر قتل کے شواہد چھپانے یا مٹانے میں اس کی مدد کی۔
تاہم وارژے مالواڑی پولیس کو واقعے پر شبہ ہوا اور اہلکاروں نے تحقیقات شروع کیں۔ تفتیش کے دوران پولیس نے واقعے کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد مبینہ قتل کا معاملہ بے نقاب کیا اور مقتول کے والد اور والدہ دونوں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے دونوں کے خلاف قتل اور شواہد مٹانے سے متعلق دفعات کے تحت کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ 

شراون کیا ہے اور اس میں گوشت سے پرہیز کیوں کیا جاتا ہے؟

 شراون جسے ساون بھی کہا جاتا ہے، ہندو مذہب کے مقدس مہینوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس دوران عقیدت مند روزے، عبادات اور خصوصی رسومات ادا کرتے ہیں۔ 
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ساون کے دوران بہت سے ہندو خاندان مذہبی روایات کے تحت گوشت، مچھلی اور انڈوں سمیت نان ویج کھانوں سے پرہیز کرتے ہیں، تاہم یہ روایات علاقے اور خاندانی عقائد کے مطابق مختلف ہو سکتی ہیں۔  2026 میں ساون 30 جولائی سے شروع ہو کر 28 اگست کو شراون پورنیما کے موقع پر اختتام پذیر ہوا۔ 
پونے میں پیش آنے والے واقعے میں پولیس کے مطابق اسی مذہبی روایت کے باعث خاندان نے گھر میں نان ویج کھانا تیار کرنا بند کر رکھا تھا لیکن مٹن کھانے کے مطالبے پر شروع ہونے والا معمولی تنازع مبینہ طور پر جان لیوا تشدد میں تبدیل ہو گیا۔
 

شیئر: