Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتر پردیش میں ہریانوی گلوکار انکت بالیان فائرنگ سے قتل، ’گوگی گینگ‘ کا ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ

انڈیا میں ہریانوی گلوکار انکت بالیان کو جم کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا.(فوٹو:انسٹاگرام)
انڈیا کی ریاست اتر پردیش میں ہریانوی گلوکار انکت بالیان کو جم کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، جبکہ مبینہ طور پر ’گوگی گینگ‘ نے سوشل میڈیا کے ذریعے ذمہ داری قبول کی ہے۔
دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 35 سالہ انکت بالیان بدھ کی شام شاملی کے کوتوالی علاقے میں جم سے باہر نکل رہے تھے کہ دو گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔
انکت بالیان کو زخمی حالت میں قریبی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
میرٹھ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس بھانو بھاسکر کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شام تقریباً 6 بج کر 55 منٹ پر پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے تفتیش شروع کردی ہے۔
قتل کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی مبینہ گوگی گینگ کی پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ انکت بالیان کے گینگ کے مخالفین سے روابط تھے۔ پوسٹ میں ان کے ایک گانے کا بھی حوالہ دیا گیا، جس کا موضوع گینگ کے سربراہ جتندر گوگی کے قتل سے متعلق تھا۔
شاملی کے سپرنٹنڈنٹ پولیس این پی سنگھ نے کہا کہ پولیس اس پوسٹ کی جانچ کر رہی ہے اور انکت بالیان کے گوگی گینگ سے ممکنہ تعلق یا کسی پرانی دشمنی کے بارے میں بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
پولیس نے تاحال سوشل میڈیا پوسٹ کے دعوے یا قتل کی حتمی وجہ کی تصدیق نہیں کی۔ تفتیش میں پرانی دشمنی، ذاتی تنازع اور دیگر ممکنہ محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انکت بالیان ضلع شاملی کے گاؤں بانتی کھیڑا سے تعلق رکھتے تھے اور ہریانوی موسیقی کی صنعت میں گلوکار، اداکار اور ڈیجیٹل کریئیٹر کے طور پر پہچان بنائی۔
انہوں نے روہتک اور سونی پت میں بھی وقت گزارا اور ہریانوی موسیقی کے مختلف فنکاروں کے ساتھ کام کیا۔ 
ان کے مشہور گانوں میں ’112 NE‘، ’گولی کے بارود‘، ’جات جٹنی‘، ’سودھان‘، ’سسٹم‘، ’رائفلیں‘ اور ’ایک کھٹولا جیل کے بھتر‘ شامل ہیں۔
انکت بالیان کے یوٹیوب چینل کے تین لاکھ سے زائد سبسکرائبرز تھے، جبکہ ان کے گانوں میں دیہی زندگی، طاقت، سیاست اور جرائم جیسے موضوعات نمایاں رہے۔
ان کا ایک معروف گانا ’بھری کورٹ میں گولی ماریں گے میری جان‘ ہے، جسے یوٹیوب پر 5 کروڑ 40 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ مبینہ گوگی گینگ کی پوسٹ میں بھی اسی گانے کا حوالہ دیا گیا ہے۔
گوگی گینگ کے سربراہ جتندر مان عرف جتندر گوگی کو 24 ستمبر 2021 کو دہلی کی روہنی عدالت میں فائرنگ کے دوران قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق دو حملہ آور وکلا کے بھیس میں عدالت میں داخل ہوئے اور گوگی پر فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی میں دونوں حملہ آور بھی مارے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  انکت بالیان کے قتل کے بعد ان کے اہل خانہ اور حامیوں نے احتجاج کرتے ہوئے دہلی-مظفر نگر روڈ بلاک کردی۔(فوٹو:انسٹاگرام)

میڈیا رپورٹس کے مطابق  انکت بالیان کے قتل کے بعد ان کے اہل خانہ اور حامیوں نے احتجاج کرتے ہوئے دہلی-مظفر نگر روڈ بلاک کردی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے پولیس سے حملہ آوروں کو جلد گرفتار کرکے قتل کی وجوہات سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔
شاملی پولیس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے اور حملہ آوروں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس ان کے فرار کے راستے کا بھی سراغ لگا رہی ہے۔
حکام کے مطابق قتل کی اصل وجہ اور حملہ آوروں کی شناخت تاحال سامنے نہیں آسکی، جبکہ مبینہ گوگی گینگ کی سوشل میڈیا پوسٹ سمیت تمام ممکنہ پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
 

شیئر: