کافی پینے سے انسان کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟
ماہر کے مطابق کافی کے ممکنہ فوائد صرف کیفین تک محدود نہیں (فائل فوٹو: پکسابے)
کافی دنیا بھر میں صبح کے وقت سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے مشروبات میں شامل ہے۔
عام طور پر اسے جسم میں تازگی اور چُستی پیدا کرنے کے لیے پیا جاتا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق کافی کے استعمال کے جگر کی صحت پر بھی ممکنہ مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق ماہرِ معدہ ڈاکٹر سوربھ سیٹھی نے بتایا کہ وہ ہر صبح کافی کیوں پیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے 10 ہزار سے زائد جگر کے سکینز کا جائزہ لیا ہے۔
ڈاکٹر سوربھ سیٹھی کے مطابق ’قریباً پانچ لاکھ افراد پر کی گئی ایک تحقیق میں کافی پینے والوں میں دائمی جگر کی بیماری سے موت کا خطرہ کافی نہ پینے والوں کے مقابلے میں 49 فیصد کم دیکھا گیا۔‘
ایک اور تجزیے میں چار لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، جس کے مطابق روزانہ دو اضافی کپ کافی پینے کا تعلق جگر کے سیروسس کے خطرے میں 44 فیصد کمی سے تھا۔
اسی طرح 22 لاکھ سے زائد افراد پر کی گئی ایک تحقیق میں جگر کے کینسر کی عام ترین قسم ہیپاٹو سیلولر کارسینوما کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج کے مطابق روزانہ دو اضافی کپ کافی پینے والوں میں اس بیماری کا خطرہ 35 فیصد کم پایا گیا۔
ماہر کے مطابق کافی کے ممکنہ فوائد صرف کیفین تک محدود نہیں۔ کیفین والی اور بغیر کیفین کی کافی، دونوں کو جگر کے بہتر نتائج سے جوڑا گیا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کافی میں موجود دیگر اجزا بھی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر سوربھ سیٹھی نے بتایا کہ ’ایک بڑی برطانوی تحقیق میں روزانہ تین سے چار کپ کافی کا استعمال بہتر نتائج سے منسلک تھا، تاہم ہر فرد کے لیے اتنی کافی ضروری نہیں۔ کافی کے استعمال میں فرد کی برداشت کو مدنظر رکھنا چاہیے جبکہ زیادہ چینی یا کریم شامل کرنے سے اس کے مجموعی غذائی فوائد متاثر ہو سکتے ہیں۔‘
