گابا چائے کیا ہے اور اس کے استعمال کے کیا فوائد ہیں؟
گابا چائے کیا ہے اور اس کے استعمال کے کیا فوائد ہیں؟
پیر 13 اپریل 2026 5:11
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سادہ الفاظ میں، گابا دماغی سرگرمی کو سست کرتا ہے جس سے ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے (فوٹو: پکسابے)
حالیہ دنوں میں ایک خاص قسم کی چائے گابا چائے عالمی سطح پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے، جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ ذہنی سکون، بہتر نیند اور حتیٰ کہ ہینگ اوور کے اثرات کو کم کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔
گابا چائے کو استعمال کرنے کے اثرات اور فوائد جاننے سے قبل جان لیتے ہیں کہ آخر یہ ہے کیا؟
این ڈی ٹی وی کے مطابق گابا چائے دراصل چائے کی ایک خاص قسم ہے، جو عام طور پر لونگ، گرین یا بلیک ٹی سے تیار کی جاتی ہے۔
اس میں گاما امینو بیوٹیرک ایسڈ (گابا) شامل کیا جاتا ہے، جو دماغ میں پایا جانے والا ایک قدرتی نیوروٹرانسمیٹر ہے اور اعصابی نظام کو پرسکون رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
گابا دماغی سرگرمی کو سست کرتا ہے، جس سے ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے، بے چینی میں کمی آتی ہے اور نیند بہتر ہوتی ہے۔
یہ کیسے تیار کی جاتی ہے؟
اس چائے کی تیاری کا طریقہ عام چائے سے مختلف ہوتا ہے۔
اسے این ایروبک فرمنٹیشن کے عمل سے گزارا جاتا ہے، جہاں آکسیجن کے بغیر نائٹروجن ماحول میں چائے کے پتوں میں موجود گلوٹامک ایسڈ کو گابا میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ یہ طریقہ پہلی بار سنہ1984 میں جاپان میں متعارف کروایا گیا تھا۔
گابا چائے بننے کے لیے اس میں کم از کم 150 ملی گرام گابا فی 100 گرام ہونا ضروری ہے، جبکہ عام چائے میں یہ مقدار صرف پانچ سے 10 ملی گرام ہوتی ہے۔
یہ مقبول کیوں ہو رہی ہے؟
اس چائے کی مقبولیت کی بڑی وجہ اس کے ممکنہ طبی فوائد ہیں، جن میں ذہنی دباؤ اور بے چینی میں کمی، بہتر نیند، بلڈ پریشر میں کمی، موڈ میں بہتری اور ہینگ اوور کے اثرات میں کمی شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق گابا چائے اعصابی نظام کو پرسکون کر کے اور نیند کو بہتر بنا کر ہینگ اوور کی شدت کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے، تاہم یہ کوئی مکمل علاج نہیں بلکہ ایک ہلکی معاون چیز ہے۔
سائنس کیا کہتی ہے؟
چند تحقیقات میں اس کے استعمال کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ سنہ 2019 کی ایک تحقیق میں دیکھا گیا کہ گابا والی اولونگ چائے پینے سے طلبہ میں فوری ذہنی دباؤ کم ہوا اور دل کی دھڑکن کے نظام میں بہتری آئی۔
چند تحقیقات میں گابا چائے کے استعمال کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں (فائل فوٹو: پکسابے)
ایک اور تحقیق میں 28 دن تک گابا چائے استعمال کرنے سے بلڈ پریشر میں کمی اور دماغی سکون سے متعلق سرگرمی میں اضافہ دیکھا گیا۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی مزید بڑی اور طویل المدتی تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ ان فوائد کی مکمل تصدیق کی جا سکے۔
گابا چائے کی اقسام
گابا چائے کی مختلف اقسام بھی موجود ہیں، جن میں تائیوان کی گابا اولونگ چائے سب سے زیادہ مشہور سمجھی جاتی ہے، جبکہ جاپانی گابارون گرین ٹی کی ایک خاص قسم ہے۔
اس کے علاوہ گابا بلیک ٹی بھی دستیاب ہے جو نسبتاً کم عام ہے مگر اپنے منفرد ذائقے کی وجہ سے پسند کی جاتی ہے۔
کیا یہ محفوظ ہے؟
عام مقدار میں گابا چائے کا استعمال زیادہ تر افراد کے لیے محفوظ سمجھا جاتا ہے۔ البتہ بعض افراد میں ہلکی غنودگی، بلڈ پریشر میں کمی یا معدے کی ہلکی تکلیف ہو سکتی ہے۔
ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ یہ چائے بلڈ پریشر یا اعصابی امراض کی ادویات کے ساتھ ردعمل دے سکتی ہے، اس لیے ایسے افراد احتیاط کریں۔